بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، جمعہ (22 اگست 2025) کو یمنی فوج نے ایک "فلسطین 2" ہائپرسونک بیلسٹک میزائل داغ کر مقبوضہ فلسطین پر مسلط صہیونی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور یہ مسئلہ اسرائیلی سیکورٹی اور انٹیلی جنس حلقوں میں وسیع پیمانے پر موضوع بحث بنا ہؤا ہے۔
الجزیرہ کی ویب گاہ نے سکیورٹی انٹیلی جنس ویب گاہ "انٹیل ٹائمز" کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: یمن سے داغے جانے والا میزائل کثیر مرحلاتی وار ہیڈ کا حامل تھا جو ہدف تک پہنچنے سے پہلے کئی حصوں میں تقسیم ہوکر پھٹ جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
صہیونی چینل i24 نیوز نے یہ بھی اعلان کیا کہ میزائل کے ٹکڑے بن گوریون ہوائی اڈے کے قریب گرے، جب دفاعی نظامات گذشتہ شام یمنی میزائل روکنے میں ناکام رہے۔
نیٹ ورک نے مزید کہا: یمنی میزائل کا مقابلہ کرنے کے لئے مختلف نظاموں ـ جن میں تھاڈ (THAAD)، خِتْسْ (Arrow)، داؤد کا گوپَھن (David's Sling) اور آہنی گنبد (Iron Dome) شامل تھے ـ سے پانچ انٹرسیپٹر میزائل فائر کئے گئے، لیکن وہ اسے روکنے میں ناکام رہے۔
چینل i24 نیوز نے یہ بھی کہا کہ کلسٹر بموں کے حامل میزائل دفاعی نظام کے لئے ایک سنگین چیلنج ہیں کیونکہ یہ چھوٹے دھماکہ خیز مواد کو وسیع علاقے میں پھیلا دیتے ہیں۔
دریں اثنا، اسرائیلی چینل i12 نے اطلاع دی ہے کہ یمنی میزائل کے باقیات پر تحقیق ابھی جاری ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ یمنی میزائل تین وار ہیڈز پر مشتمل تھا۔
عبرانی ویب گاہ والا نے بھی اسرائیلی فضائیہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی: "فلائٹ پاتھ اور ٹریکنگ آپریشنز کا جائزہ لینے کے بعد، امکان ہے کہ یمنیوں نے پہلی بار زمین سے ٹکرانے سے پہلے تین حصوں میں الگ ہونے کی صلاحیت رکھنے والا وار ہیڈ استعمال کیا ہو۔"
اسرائیلی ذرائع کے مطابق "اس میزائل کے وار ہیڈ میں دس چھوٹے وار ہیڈز ہیں جن میں دھماکہ خیز مواد موجود ہے اور اس صلاحیت کو دیکھتے ہوئے دفاعی نظام کے لئے اسے روکنا اور اس کا مقابلہ کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور ماہرین نتائج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔"
کل، اخبار 'یدیعوت آحرونوت' نے اطلاع دی ہے کہ یمنیوں نے جمعہ کی شام کی کارروائی میں ایک میزائل کا استعمال کیا ہے جو اونچائی پر کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو کر ایک کلسٹر میں تبدیل ہؤا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے جمعہ کی رات اعلان کیا کہ یمن کی مسلح افواج نے فلسطینی عوام کی حمایت میں اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر فلسطین 2 ہائپر سپرسونک میزائل سے حملہ کیا ہے۔
یدیعوت آحرونوت کی رپورٹ کے مطابق، دفاعی نظام میزائل کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہا، اور میزائل کے کچھ ٹکڑے تل ابیب کے قریب گیناتون (Ginaton) کے علاقے سے ٹکرا گئے ہیں۔
اسرائیل کا فضائی دفاع یمنی ڈرون کو بھی تباہ نہ کر سکا
میزائل کے علاوہ یمنیوں نے ایک گھنٹہ قبل مقبوضہ فلسطین کی جانب ایک ڈرون بھی فائر کیا، اور اسرائیل ٹائمز اخبار نے ایک رپورٹ میں 'ایک اہم مسئلے' کا اعتراف کیا۔
اخبار نے لکھا ہے کہ آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس اور دیگر دفاعی نظامات ڈرون کو روکنے میں ناکام رہے اور بالآخر اسرائیلی فضائیہ لڑاکا طیارے کے ذریعے اسے نشانہ بنانے پر مجبور ہوئی۔
اسرائیل ٹائمز نے لکھا: ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ڈرون جنوبی اسرائیل کے اوپر آسمان میں پھٹ رہا ہے، جب کہ ایک لڑاکا طیارہ اس کے اوپر سے گذر رہا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ