27 نومبر 2025 - 18:03
علامہ مقصود علی ڈومکی کا پیرچنڈام دورہ؛ نوجوانوں میں تعلیمی و دینی کارکردگی کے لیے انعامات تقسیم

مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے پیرچنڈام کا دورہ کیا اور مقامی نوجوانوں و طلبہ سے ملاقات کے دوران دینی و تعلیمی خدمات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، علامہ مقصود علی ڈومکی نے پیرچنڈام میں نوجوانوں اور طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں تعلیم، تربیت اور دینی خدمات میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مقامی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کا مرکز نوجوان ہی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم، تربیت اور شعور نوجوانوں کو مستقبل کے قائد بناتے ہیں اور تعلیم قوم کی ترقی کا راستہ ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کریں، اپنے وقت کی قدر کریں، ملکی و عالمی حالات سے باخبر رہیں اور وطن کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ بیدار، باشعور، دیندار، محنتی اور باکردار نوجوان قوم کا اصل سرمایہ ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملک میں عوام کی آواز دبائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو حالات کا ادراک رکھتے ہوئے بہتر مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے پیرچنڈام کے عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ شہر دیندار، انقلابی اور باشعور مومنین کا مرکز ہے۔ انہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ ڈالنے والے اہلِ شہر کی جدوجہد، شعور اور استقامت کو سراہا۔

آخر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دین، تعلیم اور سماج کی خدمت میں اپنا کردار جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ہمیشہ نوجوانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی تربیت و رہنمائی کے لیے ہر سطح پر کوشاں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha