21 جون 2025 - 21:47
مآخذ: ڈان نیوز
استنبول: نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر مبنی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی گئی۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | پاکستانی ٹیلی وژن چینل "پی ٹی وی" کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 51ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوشی پر مبنی پیغام پہنچایا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رہنماؤں نے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر مبنی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی، ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

پی ٹی وی کے مطابق کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔

فریقین نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کوششیں تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے صدر اردوان کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کی جانب سے ان کی قیادت کو سراہنے پر دیے گئے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha