اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بین الاقوامی امور کے معاون حجت الاسلام سید شفقت حسین شیرازی نے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ پسندی کا کھلا ثبوت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل، جس کے ہاتھ فلسطین، لبنان، یمن، شام اور دیگر ممالک کے مظلوم عوام کے خون سے رنگین ہیں، اب صرف مشرق وسطیٰ نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
شفقت شیرازی نے امریکہ کو بھی ان حملوں کا مکمل شریک جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے اس جارحیت میں براہ راست اور فعال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین ایران کی بھرپور، غیر مشروط حمایت کرتی ہے اور ایران کو اپنے دفاع میں فیصلہ کن جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی جارحیت کے خلاف صرف مذمتی بیانات پر اکتفا نہ کریں بلکہ سفارتی، اخلاقی اور حتیٰ کہ عسکری سطح پر بھی ایران کا ساتھ دیں۔
آپ کا تبصرہ