15 نومبر 2026 - 11:23
بقائی : ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز واشنگٹن نے کیا، تاریخی دشمنی کا ذمہ دار بھی امریکا ہے

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا نہ صرف ایران کے ساتھ تاریخی دشمنی کا ذمہ دار ہے بلکہ اس نے ہی ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن انقلابِ اسلامی 1979ء کو جنگ کی وجہ قرار دے کر اپنی جارحیت کے نتائج سے بچنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کی جانب سے جنگ کے آغاز کا الزام ایران پر عائد کرنے کو تاریخ مسخ کرنے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی کا مقصد آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کا حصول تھا، نہ کہ جنگ شروع کرنا۔

بقائی نے کہا کہ امریکا نے سفارتی مذاکرات کے دوران بلاجواز فوجی جارحیت کرتے ہوئے رہبرِ انقلاب اور اعلیٰ حکام کو شہید کیا، عام شہریوں کو نشانہ بنایا اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا۔ ان کے مطابق واشنگٹن اب فوجی اور سیاسی محاذ پر مشکلات کا شکار ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکا کی ایران دشمنی کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ 28 مرداد کی بغاوت، صدام حسین کو اسلحہ فراہم کرنے اور عراق کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال میں تعاون سے شروع ہوا، جبکہ مسافر طیارہ مار گرانے، زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پابندیوں اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل سے یہ دشمنی مزید آگے بڑھی۔

بقائی نے کہا کہ وائٹ ہاؤس تاریخ میں ردوبدل کرکے 28 فروری 2026ء کو ایران کے خلاف فوجی جارحیت شروع کرنے کے اپنے فیصلے کی ذمہ داری سے بری نہیں ہو سکتا۔ ان کے بقول امریکا ہی ایران کے ساتھ تاریخی دشمنی کا سبب بھی ہے اور جنگ شروع کرنے والا فریق بھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha