31 اگست 2026 - 21:41
رسول اللہ الاعظم عالمی مفکرین کی نگاہ میں - 2 + تصاویر

حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی عظمت، اخلاق، قیادت اور تاریخی اثر و رسوخ، اسلامی متون کے ساتھ ساتھ، بہت سے غیر مسلم مورخین اور مفکرین کی تحسین اور خاص دلچسپی کا کا باعث رہا ہے۔۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || گوکہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) مسلمانوں کے نزدیک سید العالمین اور سید المرسلین ہیں مگر ان غیر مسلم دانشوروں نے بھی آپؐ کو تاریخ کے عظیم ترین راہنماؤں کے زمرے میں شمار کیا ہے؛ کچھ نے دین اور معاشرے دونوں میدانوں میں آپؐ کی بیک وقت کامیابی کو بے مثال قرار دیا ہے، اور دوسروں نے ایک بکھری ہوئی قوم کو امتِ واحدہ بنانے میں آپؐ کی صلاحیت اور انسانی تاریخ پر آپؐ کے پائیدار اثرات کا تذکرہ کیا ہے۔

دوسری قسط:

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ)، انسانی تاریخ کی عظیم ترین نوابغ میں سے ایک ہیں، کیرن آرمسٹرانگ

برطانوی مذہبی محققہ اور مصنفہ، کیرن آرمسٹرانگ (Karen Armstrong) نے اپنی تصانیف میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی تاریخی اور مغربی عامیانہ دقیانوسی تصورات سے قطع نظر، ایک مختلف تصویر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

وہ مانتی ہیں کہ اگر محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) کو انہی معیاروں سے پرکھا جائے جن سے دیگر عظیم تاریخی شخصیات کو پرکھا جاتا ہے، تو آسانی سے اس نتیجے پر پہنچا جا سکتا ہے کہ وہ انسانی تاریخ کے عظیم ترین نوابغ میں سے ایک ہیں۔ (5)

یہ تعبیر، رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی نسبتاً مختصر مدت میں ایک مذہبی، ثقافتی، سماجی اور سیاسی انقلاب برپا کرنے کی مجموعی صلاحیتوں کی طرف اشارہ ہے۔

رسول اللہ الاعظم عالمی مفکرین کی نگاہ میں - 2 + تصاویر

کس میں جرأت ہے کہ تاریخ کے عظیم لوگوں کا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) سے موازنہ کرے؟، الفونس ڈی لامارٹین

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کے بارے میں مشہور ترین آرا‏ء میں سے ایک، نامور فرانسیسی شاعر، ادیب اور سیاستدان، الفونس ڈی لامارٹین (Alphonse de Lamartine) کا قول ہے۔

وہ انسان کی عظمت کی پیمائش کے لئے تین معیار پیش کرتے ہیں:

1۔ ہدف کی عظمت،

2۔ وسائل کی قلت، اور

3۔ حاصل شدہ نتائج کی عظمت؛

الفونس سوال اٹھاتے ہیں کہ "کس کو جرأت ہے کہ انسانی لحاظ سے، تاریخ جدید کے کسی بھی عظیم شخص کا محمد سے موازنہ کرے؟" (6)

یہ جملہ دراصل رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی ابتدائی دعوت کے ایام میں محدود وسائل اور بعد میں پیدا ہونے والی ‏عظیم ترین تبدیلی کے درمیان موازنے کا نتیجہ ہے۔

رسول اللہ الاعظم عالمی مفکرین کی نگاہ میں - 2 + تصاویر

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی ذہانت و عظمت انگریز مصنف جان ڈیون پورٹ کا اعتراف

انیسویں صدی کے برطانوی مصنف، جان ڈیون پورٹ (John Davenport) نے اپنی کتاب میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) اور قرآن کے بارے میں محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) کو تاریخ کی عظیم ترین شخصیات کے زمرے میں شمار کیا ہے۔ (7)

وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ایسی شخصیت کی منصفانہ تعریف کرنے سے گریز، تاریخی انصاف گریز کرنے کے مترادف ہے۔

ڈیون پورٹ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی توصیف میں 'دنیا کے نادر ترین افراد میں سے ایک' اور 'ایسے عظیم ترین انسانوں میں سے ایک، جن پر ایشیا کو ناز ہے' جیسےالفاظ بروئے کار لاتا ہے۔ (8)

رسول اللہ الاعظم عالمی مفکرین کی نگاہ میں - 2 + تصاویر

محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ) اپنے پیروکاروں کی زندگی کے لئے ایک نادر نمونۂ [عمل]، ڈیوڈ جارج ہوگارتھ

برطانوی ماہرِ آثارِ قدیمہ اور مصنف، ڈیوڈ جارج ہوگارتھ (David George Hogarth) رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کے مقام کا جائزہ لیتے ہوئے آپؐ کی شخصیت اور سیرت کے ایک خصوصی امتیاز پر زور دیتے ہیں۔

ان کے مطابق، مذہبی تاریخ میں شاید ہی کوئی ایسی شخصیت ملے جس کا طرز سلوک، رویہ، کردار اور طرزِ زندگی اس کے پیروکاروں کی روزمرہ زندگی کے لئے اس طرح کا نمونۂ عمل بنا ہو۔ (9)

ہوگارتھ اسی بنیاد پر، مذاہب کی تاریخ میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کے لئے ایک ممتاز اور منفرد مقام و مرتبت کے قائل ہیں۔

رسول اللہ الاعظم عالمی مفکرین کی نگاہ میں - 2 + تصاویر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحریر: سید محمد حسین راجی

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

حوالہ جات آخری [چوتھی] قسط میں ملاحظہ فرمائیں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha