اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف امریکی دھمکیوں اور حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سےکلنگ پہاڑ پر غیر معمولی توجہ کسی حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ صرف تباہی کے لیے بہانہ تراشی ہے۔
بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی پرامن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا یا ان کے خلاف دھمکیاں دینا اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین، متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ کیے گئے حفاظتی معاہدوں کے تحت رجسٹرڈ ہیں، جبکہ کوہ کلنگ میں کسی قسم کی جوہری سرگرمی موجود نہیں۔ ان کے مطابق امریکہ کا اس مقام پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنا صرف ایران کے خلاف جارحیت کا جواز پیدا کرنے کی کوشش ہے۔
ایرانی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار کہاں ہیں اور وہ ان اقدامات پر خاموش کیوں ہیں۔
بقائی نے زور دے کر کہا کہ ایرانی عوام اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور ملکی مفادات کے دفاع کے لیے ہر قسم کی امریکی دشمنی اور جارحیت کا پوری قوت سے مقابلہ کریں گے۔
آپ کا تبصرہ