اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،کربلا میں ایران کے قونصل جنرل جعفر صفری نے عراق میں شہید ایرانی رہنما کی آخری رسومات کے انتظامات اور شیڈول سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک مذہبی یا قومی تقریب نہیں بلکہ ایک اہم علاقائی اور سیاسی اہمیت کا حامل موقع بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہید رہنما کا جسدِ مبارک منگل کی شب نجف اشرف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گا، جبکہ بدھ کی صبح چھ بجے سے سرکاری تقریبات کا آغاز ہوگا۔ مرکزی جلوس شام چار بجے شارع ابو مہدی المهندس سے شروع ہوگا۔
جعفر صفری کے مطابق عراق میں مختلف قبائلی عمائدین، علماء، جامعات اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد عراقی حکومت نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی عراقی حکام اور دینی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تقریب کے انتظامات کی بنیادی ذمہ داری حشد الشعبی کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ سکیورٹی، طبی امداد اور دیگر سہولتوں کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تقریب کے دن عراق کے گیارہ صوبوں میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
قونصل جنرل کے مطابق عراقی عوام اور مخیر حضرات نے بھی بڑے پیمانے پر تعاون کیا ہے۔ بعض افراد نے زائرین کی آمد و رفت کے لیے سینکڑوں بسوں کا انتظام کیا، پانی کی فراہمی کے لیے درجنوں ٹرک فراہم کیے اور ایندھن کی بڑی مقدار بھی مختص کی۔
جعفر صفری نے کہا کہ کسی دوسرے ملک میں کسی قومی رہنما کی اس نوعیت کی عوامی آخری رسومات ایک غیر معمولی واقعہ ہے، جو ان کے بقول مزاحمتی محاذ کی عوامی حمایت اور علاقائی یکجہتی کا اظہار ہے۔
آپ کا تبصرہ