اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی اسلامی جہاد کی عسکری شاخ سرایا القدس نے مزاحمتی کمانڈر سردار میجر جنرل محمد سعید ایزدی المعروف "حاج رمضان" کی پہلی برسیٔ شہادت کے موقع پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے مزاحمت کے راستے پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں سرایا القدس نے شہید حاج رمضان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطین کی حمایت، مزاحمت کی تقویت اور مجاہدین کی پشت پناہی میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔ تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قابض صہیونی دشمن کے خلاف جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطین کی آزادی اور فتح کا وعدہ پورا نہیں ہو جاتا۔
سرایا القدس نے کہا کہ وہ شہید کمانڈر کے عظیم جہادی ورثے، بے مثال قربانیوں اور ایثار سے بھرپور زندگی کو سلام پیش کرتی ہے اور اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ حاج رمضان فلسطین کی حمایت اور مزاحمتی قوتوں کی مضبوطی کے بنیادی ستونوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے مزاحمت کے عسکری ڈھانچے کی تشکیل، اس کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے اور صہیونی رژیم کے مقابلے میں استقامت و بازدارندگی کی طاقت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سرایا القدس نے مزید کہا کہ حاج رمضان فلسطین اور اس کے مجاہدین کے حقیقی حامی، وفادار ساتھی اور مؤثر رہنما تھے، اور ان کا فکری و عملی ورثہ مزاحمتی مجاہدین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔
بیان کے اختتام پر سرایا القدس نے عرب اور اسلامی امت کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شہید حاج رمضان اور دیگر مجاہد قائدین کو اپنے لیے نمونۂ عمل اور مشعلِ راہ بنائیں، فلسطین کے مسئلے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں، مزاحمت کی حمایت میں اپنا کردار ادا کریں اور شہداء کے پاک خون سے وفاداری نبھاتے ہوئے اس جدوجہد کو فلسطین کی مکمل آزادی اور فلسطینی عوام کے تمام جائز حقوق کے حصول تک جاری رکھیں۔
آپ کا تبصرہ