اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم کا ایک اعلیٰ سطحی وفد غزہ سے متعلق مذاکرات کے نئے دور کے آغاز کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گیا ہے۔
تنظیم کے مطابق یہ وفد جمعہ کی شب قاہرہ پہنچا تاکہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد کی تکمیل کے حوالے سے مذاکرات شروع کیے جا سکیں۔ وفد کی قیادت غزہ میں حماس کے رہنما خلیل الحیہ کر رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وفد میں حماس کے دیگر سینئر رہنما بھی شامل ہیں جن میں زاہر جبارین، حسام بدران اور غازی حمد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات آئندہ چند روز تک جاری رہیں گے جن میں ثالثی کردار ادا کرنے والے مصری حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔ ان مذاکرات کا مقصد جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل، غزہ پر حملوں میں کمی اور دوسرے مرحلے کی طرف پیش رفت کے لیے عملی طریقہ کار طے کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حماس وفد فلسطینی گروہوں اور سیاسی دھڑوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ ایک مشترکہ قومی مؤقف تشکیل دیا جا سکے اور آئندہ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متفقہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات غزہ میں جاری انسانی بحران اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ