6 جون 2026 - 13:43
مآخذ: ابنا
عیدِ غدیر پورے ہندوستان میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، مختلف شہروں میں جشنِ ولایت کی تقریبات

عیدِ غدیر کے موقع پر ہندوستان کے مختلف شہروں میں جشنِ ولایت کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں علماء، مؤمنین، نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی اور حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت و امامت سے تجدیدِ عہد کیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، عیدِ غدیر کے موقع پر ہندوستان کے مختلف شہروں میں جشنِ ولایت کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں علماء، مؤمنین، نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی اور حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت و امامت سے تجدیدِ عہد کیا۔

شہر رُدَولی میں جامع مسجد چودھری ارشاد حسین میں عیدِ غدیر کے اعمال حجت الاسلام مولانا محمد علی خان سلطانپوری کی اقتدا میں ادا کیے گئے، جس کے بعد شرکائے محفل نے یادگاری تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پر ولایتِ اہل بیت علیہم السلام کی اہمیت اور واقعۂ غدیر کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔

ادھر لداخ کے ضلع کرگل میں تنظیم المکاتب کی جانب سے "ہفتۂ ولایت" کے سلسلے میں خصوصی جشن کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں مقررین نے غدیر خم کی تاریخی اہمیت اور معاشرے میں ولایت کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اسی طرح ضلع اعظم گڑھ کے علاقے شیولی میں عیدِ غدیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے سربراہ مولانا مرزا یعسوب عباس نے علماء کرام کی موجودگی میں 92 فٹ بلند علمِ مبارک کی پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عاشقانِ اہل بیت علیہم السلام موجود تھے اور فضائے غدیر نعروں سے گونج اٹھی۔

دریں اثنا، لکھنؤ میں عیدِ غدیر کے مبارک موقع پر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید سیف عباس نقوی کی موجودگی میں نذرِ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نذر مولا تناول کیا۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی عیدِ غدیر کے موقع پر شاندار اور تاریخی جلوس نکالے گئے جن میں ممبئی اور جونپور کے اسماء قابل ذکر ہیں، نیز دیگر علاقوں میں ہزاروں عاشقانِ اہل بیت علیہم السلام نے جوش و خروش کے ساتھ جلوسِ غدیر میں شرکت کی۔ مختلف مقامات پر نذر و نیاز، سبیلوں اور استقبالیہ کیمپوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha