اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،بیروت: اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمدباقر قالیباف نے لبنانی ہم منصب نبیہ بری سے گفتگو میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے جاری رہے تو ایران نہ صرف مذاکراتی عمل روک دے گا بلکہ اسرائیل کے خلاف عملی طور پر کھڑا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور جنبش امل آج لبنان اور امت مسلمہ دونوں کا دفاع کر رہے ہیں اور ایران و لبنان کے تعلقات ناقابلِ جدا ہیں۔ قالیباف نے کہا کہ ایران نے حالیہ دنوں میں اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور ایران کا مؤقف ہے کہ لبنان میں مکمل جنگ بندی ضروری ہے، خاص طور پر جنوبی لبنان میں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان کسی معاہدے کی صورت بنتی ہے تو اس میں تمام محاذوں، خصوصاً لبنان میں حملوں کے خاتمے کی شرط شامل ہوگی۔ ان کے مطابق اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور ایران اپنے مؤقف پر سخت ردعمل دے گا۔
اس موقع پر نبیہ بری نے ایران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لبنان موجودہ حساس صورتحال میں ایران کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ