اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ شہر پر صہیونی فضائی حملے میں مجاہد محمد عودہ "ابوعمرو" کی اپنی اہلیہ "ام عمرو" اور تین بچوں یاسر، یحییٰ اور جمیلہ کے ساتھ شہادت، نیز تقریباً چار دہائیوں تک صہیونیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے عزالدین الحداد "ابوصہیب" کی شہادت نے ایک بار پھر صہیونی رژیم کی سفاک اور دہشت گرد ماہیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آٹھ دہائیوں پر مشتمل صہیونی رژیم کے جرائم کا سیاہ ریکارڈ عالمی برادری، خصوصاً انسانی حقوق اور آزادی کے دعویداروں پر یہ حقیقت واضح کرتا ہے کہ اس غاصب اور بچوں کے قاتل رژیم کے خاتمے کے بغیر مغربی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
سپاہ نے مزید کہا کہ امریکی صدر جس مبینہ امن منصوبے کی بات کرتا ہے، وہ دراصل قتل، نسل کشی اور دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں۔
بیان میں غزہ کے مظلوم عوام اور حماس کے مجاہدین کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان کمانڈروں کی شہادت مزاحمت کو کمزور نہیں کرے گی بلکہ فلسطین اور قبلۂ اول کی آزادی تک جدوجہد کو مزید مضبوط کرے گی۔
بیان کے اختتام پر ایران اور سپاہ پاسداران کی جانب سے محورِ مقاومت کی مکمل حمایت جاری رکھنے اور قدس کے غاصبوں و ان کے حامیوں کو سزا دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ