اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہیکہ اس کے جوانوں نے منگل کے روز مختلف محاذوں پر 24 کارروائیاں کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کو شدید نقصان پہنچایا، جن میں متعدد مرکاوا ٹینک، فوجی گاڑیاں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا اور مزاحمتی ذرائع کے مطابق حزب اللہ نے اپنے جاری کردہ بیانات میں کہا کہ صبح سے رات تک ہونے والی کارروائیوں میں کم از کم پانچ مرکاوا ٹینک تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے۔
حزب اللہ کے مطابق الطیبہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے ایک جدید مرکاوا ٹینک کو مناسب ہتھیار سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ بعد ازاں اسی علاقے میں مزید دو ٹینکوں پر حملہ کرکے انہیں آگ لگا دی گئی۔
مزاحمتی تنظیم نے یہ بھی بتایا کہ رشاف کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع کو راکٹوں اور خودکش ڈرونز کے ذریعے دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔
جنوبی لبنان میں البلاط کے عسکری مقام پر میزائل حملہ کیا گیا، جبکہ القوزح کے علاقے میں اسرائیلی فوجی اجتماع پر بڑی تعداد میں خودکش ڈرونز استعمال کیے گئے۔
حزب اللہ کے مطابق العباد کے مقام پر اسرائیلی فوج کی ایک عسکری گاڑی، مواصلاتی نظام اور ایک مرکاوا ٹینک کو بھی خودکش ڈرون حملوں میں تباہ کیا گیا۔
اسی طرح طیرحرفا کے مقام پر ایک فوجی گاڑی اور الناقورہ سے اسکندرونہ جانے والی سڑک پر ایک ہمر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جن میں آگ بھڑک اٹھی۔
مزاحمتی تنظیم نے مزید دعویٰ کیا کہ اسکندرونہ کے علاقے میں ایک اور مرکاوا ٹینک کو ڈرون حملے میں تباہ کیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے وادی العین کے قریب پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجی یونٹ کو نشانہ بنایا، جس میں مرکاوا ٹینک، دو بلڈوزر، ایک فوجی گاڑی اور پیادہ دستہ شامل تھا۔ اس کارروائی کے دوران ایک اضافی مرکاوا ٹینک کو بھی گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے ڈرونز اور گائیڈڈ میزائلوں کا مسلسل استعمال اسرائیلی فوج کے لیے بڑھتا ہوا چیلنج بن چکا ہے، جبکہ جنوبی لبنان کی محاذی صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ