اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی سکریٹری تنظیم المکاتب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے رہبر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کے انتخاب پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب علیہما السلام کی شہادت کے ایام میں جب دل غمگین اور آنکھیں اشکبار ہیں اور فرزند علیؑ کی شہادت نے اس غم کو دو بالا کر دیا ہے، یہ خبر زخم پر مرہم کے پھائے کی طرح ہے کہ وہ علیؑ جسے کل محراب عبادت میں شہید کرکے ظالم نے سوچا تھا ہم نے اس سلسلہ کو ختم کر دیا۔ اسی سلسلہ سے رہبر کبیر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے انقلاب اسلامی کے ذریعہ ملت کو حیات نو عطا کی۔
ان کے بعد رہبر شہید آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای ؒنے اس عظیم سرمایہ کی نہ صرف یہ کہ حفاظت کی بلکہ اسے ساری دنیا تک اس طرح پہنچا دیا کہ پوری دنیا کا جھکاؤ اہل بیت کی طرف ہو گیا ۔ان کی شہادت کے بعد ایک طرح کی یاسیت ذہنوں پر طاری ہو رہی تھی کہ اب کیا ہوگا اب کون اس کشتی کو سنبھالے گا ۔؟
انہوں نے کہا کہ کرم پروردگار سے ایک بار پھر اسی سلسلہ سے آیۃ اللہ سید مجتبی خامنہ ای دام ظلہ العالی استعمار کی تمام تر دھمکیوں کے باوجود نظام اسلامی کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے سامنےآگئے ۔ اور ایک بار پھر یہ حقیقت سامنے آگئی کہ ہم لاوارث نہیں ہیں ۔ زمانے کا والی اورہم سب کاسرپرست و نگہبان غیب سے ہماری محافظت کر رہا ہے۔
مولانا صفی حیدر زیدی نے کہا کہ اب ایران کے اسلامی نظام کے تحت 80 سے زائد فقہاء کے ذریعے منتخب ہونے والے ولی فقیہ آیۃ اللہ سید مجتبی خامنہ ای دام ظلہ العالی سے وابستگی اختیار کرنے کا وقت ہے۔
آئیے موجودہ ولی فقیہ کی ولایت کو قبول کرتے ہوئے امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے حضور ایک بار پھر عہد کریں کہ زندگی کی اخری سانس تک اس نظام ولایت و مرجعیت سے وابستہ رہیں گے اور عصر غیبت میں ولی فقیہ کے دائرہ اطاعت و ولایت میں رہتے ہوئے ان شاء اللہ وقت ظہور امامؑ کے ناصرین میں شامل ہونگے ۔
آپ کا تبصرہ