23 فروری 2026 - 11:13
مآخذ: ابنا
لبنان کے اسپیکر کا امریکی سفیر کی درخواست مسترد کر دی

لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیه بری نے امریکی سفیر کی جانب سے پارلیمانی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیه بری نے امریکی سفیر کی جانب سے پارلیمانی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں نبیہ بری نے بتایا کہ لبنان میں امریکی سفیر میشل عیسی نے ان سے پارلیمانی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم انہوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کے مطابق انہوں نے پانچ رکنی کمیٹی کے دیگر ممالک کے سفیروں کو بھی واضح کر دیا کہ وہ کسی تکنیکی یا آئینی بہانے سے انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے۔

بری نے کہا کہ وہ خود سب سے پہلے انتخابات کے لیے امیدوار بنے تاکہ یہ تاثر زائل ہو کہ وہ کسی تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے اپنی جماعت حرکة أمل کے بعض اراکین کو بھی امیدوار بننے کی ہدایت کی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ آخری لمحے تک انتخابات کے انعقاد کے پابند ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابات میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور اگر کوئی فریق تاخیر چاہتا ہے تو اسے اس کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔

اسرائیل کی جانب سے لبنان پر جاری حملوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ لبنان پر دباؤ ڈالنے کی نئی جنگ ہے تاکہ اسے تل ابیب کی شرائط تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔ ان کے مطابق لبنان جنگ بندی معاہدے پر کاربند ہے، لیکن اسرائیل نے اس کی پاسداری نہیں کی۔

دوسری جانب لبنانی اخبار الأخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس اور سعودی عرب نے صدر جوزف عون اور نبیہ بری سے موجودہ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع اور انتخابات کم از کم ایک سال مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواف سلام کے حالیہ دورۂ فرانس کے بعد یہ تجویز سامنے آئی، جس میں موجودہ حکومت کو اصلاحاتی عمل مکمل کرنے اور بعض سکیورٹی امور نمٹانے کے لیے وقت دینے کی بات کی گئی۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد لبنان میں پارلیمانی انتخابات آئندہ 10 مئی کو متوقع ہیں، تاہم ان کی ممکنہ تاخیر کے حوالے سے سیاسی بحث جاری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha