اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ کے درمیان آئندہ جوہری مذاکرات کے انتظامات کے حوالے سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی سے گفتگو کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ مرحلے کے مذاکرات کے انعقاد سے متعلق انتظامی امور اور ممکنہ تاریخوں پر بھی مشاورت کی۔
اس سے قبل عمانی وزیر خارجہ نے مذاکرات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اگلا دور جمعرات کو جنیوا میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے عرب نشریاتی ادارے Al Jazeera سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوش ہیں کہ فریقین کے درمیان بات چیت کا نیا مرحلہ جنیوا میں ہوگا۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ جمعرات کو جنیوا میں امریکی نمائندہ سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور 6 فروری 2026 کو مسقط میں منعقد ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے اپنے مؤقف اور تجاویز عمانی وزیر خارجہ کے ذریعے ایک دوسرے تک پہنچائیں۔
سفارتی حلقوں کے مطابق فریقین کے درمیان جاری رابطے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جوہری معاملے پر پیش رفت کے امکانات بدستور موجود ہیں، تاہم حتمی نتیجے کے لیے مزید بات چیت ناگزیر ہوگی۔
آپ کا تبصرہ