17 ستمبر 2025 - 18:26
غزہ پر دھماکہ خیز روباٹوں کے حملے؛ لاکھوں افراد دوبارہ بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار

یورپ-بحر متوسط کے انسانی حقوق کے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں دھماکہ خیز روباٹوں کے ذریعے غزہ کے رہائشی علاقوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور آوارگی کا خدشہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق یورپ-بحر متوسط انسانی حقوق واچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں کئی ٹن بارود سے بھرے دھماکہ خیز روباٹوں کو غزہ شہر کے مرکزی رہائشی محلوں میں استعمال کرنا تیز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پورے شہر کو منہدم کرنا اور رہائشیوں کو زبردستی وہاں سے بے دخل کرنا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بدھ کی صبح صہیونی فوج نے دس روباٹوں کو جنوبی محلے تل الہوی میں گھروں کے درمیان اور مزید تین روباٹوں کو شیخ رضوان اور النفق اسٹریٹ کے رہائشی علاقوں میں دھماکے سے اڑا دیا۔ فوج نے پچھلے دنوں کے دوران مسلسل 24 گھنٹے ان روباٹوں کا استعمال کیا ہے جس سے تباہی اور ہلاکتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

ادارے نے زور دیا کہ ان دھماکہ خیز روباٹوں کا اثر صرف گھروں کی تباہی اور عوام کی آوارگی تک محدود نہیں بلکہ یہ نفسیاتی دہشت گردی کے ہتھیار کے طور پر بھی استعمال ہو رہے ہیں۔ ان دھماکوں کے ذریعے شہریوں کے دلوں میں خوف و وحشت پیدا کر کے انہیں اپنے علاقوں سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی خبر رساں ادارے ’’شہاب‘‘ کے مطابق اس ادارے نے کہا کہ ہر ایک روباٹ 20 گھروں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس طرح ہزاروں خاندان اپنے مکانات اور پناہ گاہوں سے محروم ہو کر دوبارہ المناک حالات میں بے گھر ہو جائیں گے۔

اس ادارے نے بین الاقوامی برادری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی غفلت اور بعض طاقتور ملکوں کی چشم پوشی نے اسرائیلی فوج کو کھلے عام غزہ کی بربادی جاری رکھنے کی ہمت دی ہے۔

یورپ-بحر متوسط انسانی حقوق واچ نے تمام ملکوں اور عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کریں، غزہ میں قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین اور عالمی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha