18 مئی 2025 - 02:20
وزیر پاکستان نے ایران امن ساز اقدام کا شکریہ ادا کیا

وزیر اعظم پاکستان نے صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پاک و ہند کے درمیان جنگ بندی کے لئے ایران کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس ایرانی اقدام کو کشیدگی کم کرنے میں مؤثر قرار دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کل (بروز ہفتہ مورخہ 17 مئی 2025ع‍ کی) شام کو صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے فون پر رابطہ کیا اور غلط فہمیاں دور کرنے اور جنگ بندی کے لئے ماحول سازی کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے برادرانہ اور خیرخواہانہ کوششوں کا دل کھول کر شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظیم پاکستان نے ہمارے ملک کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد اور ان کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز کو کشیدگیاں کم کرنے میں انتہائی اہم قدم گردانا۔

شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ پاکستان کی حالیہ کشیدگی کے آغاز سے لے کر جنگ بندی تک کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: گذشتہ تین عشروں کے درمیان دو ملکوں کے درمیان تین جنگیں ہوئی ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی جنگ دو قوموں کے درمیان موجودہ مسائل کو حل نہیں کر سکی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ مسئلۂ کشمیر، دہشت گردی اور دو ملکوں کے درمیانی دوسرے اختلافی مسائل صرف اور صرف بات چیت اور سیاسی و سفارتی کوششوں سے قابل حل ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہونے، جنگ بندی قائم و دائم رہنے کا خیر مقدم کیا اور ایک بار پھر اس مثبت عمل کو ممکن بنانے میں صدر پزشکیان کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل قریب میں تہران کا دورہ کریں گے، اور صدر اسلامی جمہوریہ ایران سے دوستانہ ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے مسائل نیز خطے کے دوسرے مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کا عمل شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کو یقین ہے کہ جنگ اور تشدد سے نہ صرف کسی مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس سے اقوام کو دوہرے مسائل و مصائب سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور اختلافات کے پائیدار حل کا واحد راستہ بات چیت اور تعامل ہے نہ کہ جنگ اور خونریزی۔

صدر پزشکیان نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: تہران بات چیت کے ماحول کو تقویت اور پاکستان و ہند کے درمیان تعاملات کے استحکام نیز ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے فروغ کے سلسلے میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

صدر پزشکیان نے نے کہا: دہشت گردی اس خطے کو درپیش چیلنجوں میں سے ایک ہے، اور اس مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام فریقوں کے تعاون اور ہم آہنگی اور خطے کے ممالک کے درمیان اخوت و برادری کی ضرورت ہے۔

صدر پزشکیان نے وزیر اعظم پاکستان کے اگلے دورہ تہران کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور دو طرفہ دلچپسی کے معاملات میں تعاون کا سبب بنے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستانی وزیر اعظم کے صدر ایران کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے سلسلے میں پاکستانی ذرائع کی رپورٹ:

ایرانی صدر کو فون، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے دورے کی دعوت قبول کرلی

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے جس کے دوران انہوں نے آئندہ ہفتے ایران کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔

جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیاء میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششوں، بحران کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ کو خطے میں بھیجنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ بھارت کے بلا اشتعال حملوں میں خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کی شہادت ہوئی ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں ہے۔

گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم نے بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ بھارت کے اس اقدام کو غیر قانونی اور پاکستان کے لیے سرخ لکیر سمجھتے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو بتایا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی کلید ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے تجارت، علاقائی روابط اور سلامتی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تہران کے سرکاری دورے کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی دعوت قبول کرلی۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ایران کے دورے پر جائیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha