9 فروری 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت آج متعدد ملکوں ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی [ص] اور حضرت امام جعفر صادق علیہ الاسلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر جشن عید منایا گيا۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں چراغاں کیا گیا اور شاہراؤں کو سجایا گیا اس سلسلے میں ایران کے شہر مقدس شہر مشہد میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس ، قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ علیھاالسلام کے روضہ اقدس اور تہران میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے روضے میں چراغانی کا خاص طور پر اہتمام کیا گيا تھا اور ان مقامات پر مقررین نے پیمغبر اکرم حضرت محمد مصطفی [ص] اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی پاکیزہ سیرتوں پر روشنی ڈالی ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ عراق ، پاکستان ، ہندوستان اور دوسرے ممالک سے بھی جشن عید میلاد النبی کی رپورٹیں تواتر کے ساتھ موصول ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں جشن عید میلا النبی کا سلسلہ بارہ ربیع الاول کو ہی شروع ہوجاتا ہے جو سترہ ربیع الاول کو اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔ اور ہر سال ہفتہ وحدت کے موقع پر کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، کوئٹہ اور پشاور سمیت متعدد شہروں میں چراغاں کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی ماضی کی طرح پاکستان میں ہفتہ وحدت اور جشن عید میلاد النبی کے موقع پر مسلمانوں کے مختلف فرقوں کے درمیان اسلامی بھائی چارے کے دلچسپ مناظر نظر آۓ۔

ہندوستان کے مختلف شہروں میں بھی مسلمانوں نے جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں نبی رحمت ، ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی [ص] اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت اور عشرۂ فجر کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گيا۔

اس تقریب میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام مھدوی پور اور ہندوستان میں ایران کے سفیر سید مھدی نبی زادہ کے علاوہ اس ملک میں زیر تعلیم ایرانی طلباء نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے پیمغبر اکرم حضرت محمد مصطفی [ص] ، حضرت امام جعفر صادق [ع] کی سیرت اور انقلاب اسلامی ایران کے عظیم ثمرات پر روشنی ڈالی۔.......

/169