28 نومبر 2026 - 22:46
ایران اور اس کے عرب اتحادیوں کی زیرِزمین تنصیبات؛ کیا انہیں سب کچھ تہران نے سکھایا؟ - 1

ایران اور اِس کے غیر ریاستی عرب اتحادیوں کی بات کی جائے تو عمومی طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ تہران ہی اُن کا مرکزی سرپرست ہے، جو اِنہیں مالی وسائل، ہتھیار، تربیت، تکنیکی مہارت اور نظریاتی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اُن کی ہر سرگرمی کا رُخ متعین کرتا ہے۔ [---]

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ایران اور اِس کے غیر ریاستی عرب اتحادیوں کی بات کی جائے تو عمومی طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ تہران ہی اُن کا مرکزی سرپرست ہے، جو اِنہیں مالی وسائل، ہتھیار، تربیت، تکنیکی مہارت اور نظریاتی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اُن کی ہر سرگرمی کا رُخ متعین کرتا ہے۔ ایران کے مرکزی کردار میں خاصی حقیقت موجود ہے تاہم یہ تصور کہ لبنان میں حزب اللہ، غزہ میں حماس اور یمن میں انصار اللہ محض ایرانی طاقت کی توسیع ہیں، درحقیقت اُن کی تاریخ کے ایک اہم پہلو کو نظرانداز کرتا ہے۔

اِس کی مثال اِن گروہوں کے تیار کردہ وسیع زیرِ زمین فوجی ڈھانچے ہیں۔ اِن کی ساخت ایران کے اپنے زیرِ زمین میزائل شہروں سے حیرت انگیز حد تک مشابہت رکھتی ہے۔ اِن چاروں نے سرنگوں، خفیہ اسلحہ گاہوں اور محفوظ فوجی ٹھکانوں کی تعمیر پر سرمایہ کاری کی ہے تاکہ فضائی برتری رکھنے والے طاقتور دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔ لیکن کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ ایران نے زیرِ زمین جنگ کی اپنی حکمتِ عملی عرب اتحادیوں کو منتقل کی؟

اِس کا جواب اتنا سادہ نہیں۔ تہران نے اِن تحریکوں کو ہتھیار، تکنیکی مہارت اور فوجی صلاحیتیں حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔ تاہم غزہ، لبنان اور یمن میں زیرِ زمین جنگ کی تاریخ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِن میں سے ہر ایک کے پاس زیرِ زمین جانے کی اپنی ٹھوس وجوہات تھیں۔ درحقیقت، ایران کا اپنا ماڈل بھی جزوی طور پر بیرونی تجربات سے متاثر ہو کر تشکیل پایا۔

ایران کا میزائل پروگرام 1980 سے 1988 تک عراق کے ساتھ جنگ کے دوران شدید مجبوری کے حالات میں شروع ہوا۔ صدام حسین کی افواج ایرانی شہروں پر میزائل حملے کر رہی تھیں جب کہ تہران کے پاس اِسی انداز میں جواب دینے کے لئے وسائل نہیں تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی کمانڈروں کے لئے اِس جنگ کا سبق بالکل واضح تھا: اگر مؤثر جوابی حملے کی صلاحیت موجود نہ ہو تو ایران اپنے دشمنوں کے سامنے غیر محفوظ رہے گا۔

ابتدا میں یہ پروگرام محدود پیمانے پر شروع کیا گیا۔ سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل پروگرام کے سابق رُکن بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کے مطابق ایرانی کمانڈر شام اور لیبیا گئے اور بالآخر دو میزائل لانچر اور تقریباً 30 میزائل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں شمالی کوریا بھی ایران کو میزائل فراہم کرنے والا ایک اہم ملک بن گیا۔

بریگیڈیئر جنرل علی بلالی یاد کرتے ہیں کہ سنہ 1984ع‍ میں ایران کی پہلی میزائل کارروائیوں میں صرف سات یا آٹھ افراد شامل تھے، جو تہران سے عراق کی سرحد کے قریب کرمانشاہ تک ٹویوٹا سٹیشن ویگن میں سفر کرتے تھے۔ وہ ایک میزائل داغتے اور واپس تہران آ جاتے تھے۔ اس کارروائی کے لئے درکار تمام آلات گاڑی میں سما سکتے تھے۔

چار دہائیوں بعد ایران کی میزائل فورس اُس کی دفاعی حکمت عملی میں دشمن کو حملے سے باز رکھنے کا بنیادی ستون بن چکی تھی۔ تاہم میزائل جمع کرنا اِس چیلنج کا صرف نصف حصہ تھا۔ دوسرا بڑا مسئلہ یہ یقینی بنانا تھا کہ امریکی یا اسرائیلی حملے کی صورت میں یہ میزائل محفوظ رہ سکیں۔

میجر جنرل شہید حسن طہرانی مقدم ـ جو ایران کے میزائل پروگرام کے بانی سمجھے جاتے ہیں ـ اِس پروگرام کی ابتدائی ترقی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ایک اور شخصیت شہید میجر جنرل امیرعلی حاجی زادہ ہیں، جنہوں نے بعد میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کی کمان سنبھالی، اور ایران کے زیرِ زمین فوجی ڈھانچے کی تعمیر نمایاں طور پر ان سے وابستہ ہو گئی۔

شہید میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ کے سابق ساتھی مصنف ناصر کاوہ کے مطابق، ایران کے میزائل شہروں کے نام سے مشہور ہونے والے منصوبے کی تعمیر کا آغاز امیر علی حاجی زادہ ہی نے کیا تھا۔ اِس منصوبے کا آغاز چند نوجوان انجینیئروں نے کیا جنہوں نے ابتدائی نوعیت کی سرنگیں اور ذخیرہ گاہیں تعمیر کیں۔

ناصر کاوہ کے بیان میں ایک تفصیل خاص طور پر قابلِ توجہ ہے۔ اُن کے مطابق، شمالی کوریا کے دورے کے دوران امیر علی حاجی زادہ نے زیرِ زمین میزائل داغنے والے سائلو (میزائلوں کے لئے مخصوص زیرِ زمین لانچنگ تنصیبات) دیکھے اور ایران واپس آ کر اسی نوعیت کا نظام تیار کرنے کا عزم کیا۔ اُنھوں نے انجینیئرنگ کے تفصیلی نقشے دستیاب نہ ہونے کے باوجود ایک ٹیم تشکیل دی، جس نے ایران میں اِس نظام کا اپنا منفرد ماڈل تیار کیا۔

اِس نظام میں بڑی تبدیلی سنہ 1990ع‍ کی دہائی کے اواخر سے آنا شروع ہوئی۔

بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کے مطابق، ایران نے میزائل یونٹس کو تہران کے گرد ایک جگہ جمع رکھنے کی بجائے ملک بھر کے مختلف مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا۔ اِس کے پیچھے یہ مفروضہ کارفرما تھا کہ مستقبل میں امریکہ یا اسرائیل کے ساتھ تصادم کا اِمکان موجود ہے اور ایران کو ابتدائی حملے کے بعد بھی اپنی جنگی صلاحیت برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

اِس کے نتیجے میں محفوظ فوجی تنصیبات کا ایک وسیع ہوتا ہوا نیٹ ورک وجود میں آیا، جن میں سے بعض مبینہ طور پر زمین سے سینکڑوں میٹر نیچے واقع ہیں۔ اکتوبر سنہ 2015ع‍ میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے پہلی مرتبہ اپنے میزائل شہروں میں سے ایک کو عوامی سطح پر ظاہر کیا، یوں ایک خفیہ فوجی منصوبہ سیاسی پیغام رسانی کے ایک ذریعے میں تبدیل ہو گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha