بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ایران اور اِس کے غیر ریاستی عرب اتحادیوں کی بات کی جائے تو عمومی طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ تہران ہی اُن کا مرکزی سرپرست ہے، جو اِنہیں مالی وسائل، ہتھیار، تربیت، تکنیکی مہارت اور نظریاتی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اُن کی ہر سرگرمی کا رُخ متعین کرتا ہے۔ ایران کے مرکزی کردار میں خاصی حقیقت موجود ہے تاہم یہ تصور کہ لبنان میں حزب اللہ، غزہ میں حماس اور یمن میں انصار اللہ محض ایرانی طاقت کی توسیع ہیں، درحقیقت اُن کی تاریخ کے ایک اہم پہلو کو نظرانداز کرتا ہے۔
تیسرا اور آخری حصہ:
ایران کے سابق پولیس سربراہ اسماعیل احمدی مقدم کے مطابق، انہوں نے سال 2005 میں حسن شاطری کو اپنے انجینیئرنگ ڈپٹی کے طور پر بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن قاسم سلیمانی نے مداخلت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ حسن شاطری کو پہلے ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے انجینیئرنگ منصوبوں کے لئے مقرر کیا جا چکا ہے۔ قدس فورس سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بیرونِ ملک کارروائیوں کا ذمے دار شعبہ ہے۔
سال 2006 کی جنگ کے بعد حسن شاطری نے لبنان میں ایران کی تعمیرِ نو کی کارروائیوں کی سربراہی کی اور سڑکوں اور پُلوں سے لے کر عوامی عمارتوں تک مختلف منصوبوں کی نگرانی کی۔ تاہم اُن کی سرگرمیوں کا ایک سکیورٹی پہلو بھی تھا۔ 2010 میں امریکی محکمۂ خزانہ نے اُن پر اور لبنان کی تعمیرِ نو کے لئے ایرانی کمیٹی پر پابندیاں عائد کیں۔ امریکہ نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں حزب اللہ کو انجینیئرنگ مہارت اور دیگر معاونت فراہم کر رہے تھے، جس میں حزب اللہ کے نجی مواصلاتی نیٹ ورک کے لئے مدد بھی شامل تھی۔
اسرائیلی محققین نے اِس سے بھی آگے بڑھتے ہوئے حسن شاطری کو حزب اللہ کے پھیلتے ہوئے زیرِ زمین ڈھانچے کے پیچھے ممکنہ اہم شخصیت قرار دیا ہے اور اِس امکان کا بھی اظہار کیا ہے کہ اِس کام میں شمالی کوریا کی تکنیکی معاونت حاصل کی گئی ہو۔ اس مخصوص دعوے کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم حسن شاطری کا پیشہ ورانہ کیریئر یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران کے پاس حزب اللہ کے بڑے انجینیئرنگ منصوبوں میں مدد دینے کے لئے مہارت اور تنظیمی نیٹ ورک دونوں موجود تھے۔
اگست 2024 میں حزب اللہ نے اپنی زیرِ زمین تنصیب عماد-4 کی ویڈیو جاری کی، جس میں بظاہر ایک جدید کمپلیکس دکھایا گیا تھا جہاں میزائل لانچر لے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت ممکن تھی۔ اِس تنصیب اور ایران کے میزائل شہروں کے درمیان مماثلت کو نظرانداز کرنا مشکل تھا۔
لیکن یہاں بھی اثر و رسوخ کا سفر لازمی طور پر صرف ایک ہی سِمت میں نہیں ہوا۔ ایرانی فوجی منصوبہ سازوں نے سال 2006 کی جنگ کے دوران حزب اللہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، خصوصاً اسرائیلی فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے اور فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کی اُس کی صلاحیت کا۔ حزب اللہ محض ایرانی فوجی نظریات سے متاثر ہونے والی ایک تنظیم نہیں تھی بلکہ میدانِ جنگ میں اُس کے تجربات نے تہران کو بھی اہم اسباق فراہم کیے۔
انصار اللہ کی سرنگیں
انصار اللہ ایک تیسری اور مختلف مثال پیش کرتی ہے۔ اُن کی تحریک یمن کے پہاڑی شمالی علاقے میں ابھری، جہاں دشوار گزار جغرافیے نے نسلوں سے جنگی حکمتِ عملیوں کو متاثر کیا ہے۔ ایرانی فوجی معاونت اہم ہونے سے بہت پہلے ہی یمن میں مسلح گروہ غاروں، پہاڑی ٹھکانوں اور خفیہ ذخیرہ گاہوں پر انحصار کرتے رہے تھے۔
انصار اللہ نے یمن میں جب اپنا کنٹرول بڑھایا تو انہیں یمنی ریاست سے ورثے میں ملنے والا فوجی ڈھانچہ بھی حاصل ہوا، جس میں محفوظ اسلحہ گاہیں اور میزائلوں سے متعلق تنصیبات شامل تھیں۔ اِس فوجی ڈھانچے کی جڑیں سرد جنگ کے دور تک جاتی ہیں، جب سوویت یونین نے شمالی اور جنوبی یمن کو میزائل فراہم کیے تھے، جن میں سکڈ بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔
علی عبداللہ صالح کے دورِ صدارت میں یمن نے زیرِ زمین میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات بھی تیار کی تھیں، جن میں صنعا کے قریب واقع جبلِ عطان بھی شامل تھا۔ یمنی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِن سرنگوں کی تعمیر میں ابتدا میں چینی ٹھیکیدار شامل تھے، تاہم اطلاعات کے مطابق 1990 کی دہائی میں روسی انجینیئروں نے یہ کام سنبھال لیا تھا۔ البتہ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا مشکل ہے۔ اس طرح انصار اللہ کو ایسا فوجی ڈھانچہ ورثے میں ملا جس کی غیر ملکی معاونت کی تاریخ تہران کے ساتھ اِن کے تعلقات سے بھی پہلے کی ہے۔
سال 2015 میں سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت شروع کیے جانے کے بعد زیرِ زمین تحفظ کو وسعت دینے کی ضرورت مزید بڑھ گئی۔ انصار اللہ کو ایک ایسے اتحاد کا سامنا تھا جسے فضائی طاقت میں غیر معمولی برتری حاصل تھی، اِس لئے اِنہیں اپنی بڑھتی ہوئی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو محفوظ رکھنے کی ضرورت تھی۔
فوجی تجزیہ کار مائیکل نائٹس نے انصار اللہ کی جانب سے پہلے سے موجود زیرِ زمین تنصیبات کے استعمال کو دستاویزی شکل دی ہے، جن میں صنعا کے علاقے جبلِ عطان کے قریب موجود تنصیبات بھی شامل ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بعد ازاں بعض تنصیبات کو ایرانی اور حزب اللہ کی طرز پر بہتر بنایا گیا۔
ایرانی معاونت نے انصار اللہ کے میزائلوں اور ڈرونز کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ تاہم اس بات کے شواہد بہت کمزور ہیں کہ تہران نے انصار اللہ کا زیرِ زمین فوجی ڈھانچہ خود ڈیزائن کیا تھا۔
یمن کا جغرافیہ، ورثے میں ملنے والے فوجی اثاثے اور برسوں تک فضائی حملوں کا سامنا کرنے کے تجربے نے پہلے ہی انصار اللہ کو ایسی صلاحیتیں تیار کرنے کے لئے مضبوط وجوہات فراہم کر دی تھیں۔ اِس معاملے میں زیرِ زمین تنصیبات کا مقصد غزہ کی طرح جنگجوؤں کی نقل و حرکت کے لئے ایک وسیع نیٹ ورک بنانا کم اور فوجی اثاثوں کو تباہی سے محفوظ رکھنا زیادہ تھا۔
مشترکہ حکمتِ عملی، مختلف تاریخیں
اِن چاروں مثالوں کا سب سے اہم پہلو یہ نہیں کہ اِن کے زیرِ زمین نظام ایک دوسرے سے مشابہت رکھتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ اِن سب کی ابتدا مختلف حالات میں ہوئی۔
ایران کے میزائل شہر عراق کے ساتھ جنگ کے تلخ تجربے اور بعد ازاں امریکی و اسرائیلی حملوں کے خدشات کے نتیجے میں وجود میں آئے۔ غزہ کی سرنگیں مقامی سمگلنگ نیٹ ورکس اور اسرائیلی فوجی بالادستی کی زمینی حقیقتوں کے تحت پروان چڑھیں۔ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لئے مضبوط فوجی ٹھکانے تعمیر کیے۔ انصار اللہ نے مسلسل فضائی حملوں سے بچنے کے لئے یمن کے پہاڑی جغرافیے اور ورثے میں ملنے والے فوجی ڈھانچے کو اپنے مقاصد کے مطابق ڈھالا۔
ایرانی معاونت نے اِن تحریکوں کی صلاحیتوں میں بہتری لانے میں مدد دی، لیکن اِس معاونت کو اُن کی فوجی سوچ کی ابتدا سمجھنا ایک غلطی ہوگی۔
تہران نے بظاہر جو چیز سب سے مؤثر انداز میں منتقل کی، وہ انجینیئرنگ کا کوئی ایک مخصوص نقشہ نہیں بلکہ مہارت، وسائل اور اِس وسیع تر فہم کا تبادلہ تھا کہ کمزور قوتیں اپنے سے زیادہ طاقتور دشمنوں کے مقابلے میں کس طرح زندہ رہ سکتی ہیں۔ اِسی طرح یہ بات بھی اہم ہے کہ تجربات اور اسباق ایران تک بھی واپس پہنچے، خصوصاً حزب اللہ کے تجربات سے۔
اِس سے ملنے والا گہرا سبق یہ ہے کہ ایران اور اس کے عرب اتحادیوں کے درمیان فوجی تعلقات عام تاثر کے مقابلے میں زیادہ باہمی نوعیت کے ہیں۔ تہران ایک ناگزیر شراکت دار رہا ہے لیکن اِس کے اتحادیوں کی اپنی تاریخ، مفادات اور فوجی ضروریات بھی ہیں۔
ایرانی معاونت کے بغیر بھی حماس، حزب اللہ اور انصار اللہ کے پاس زیرِ زمین تنصیبات میں سرمایہ کاری کرنے کی معقول وجوہات موجود ہوتیں۔ ایرانی حمایت نے اِنہیں اِس کام میں زیادہ مؤثر اور باصلاحیت بننے میں مدد دی۔ یہ تہران کا ایک قابلِ ذکر کردار ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اِس نے اِن گروہوں کے جنگی طریقے ایجاد کیے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ