25 نومبر 2026 - 03:05
3 | چھوٹے وعدے، جو بڑے وعدوں پر ایمان کا سرچشمہ ہیں

ایمان، محض اللہ تعالیٰ کا وجود ماننے کا نام نہیں؛ بلکہ اُس مستقبل کے سامنے ایک قسم کا سکون ہے جسے وہی اللہ تعالیٰ متعین  فرمائے گا۔ جو انسان، اللہ کے وعدوں پر یقین رکھتا ہے، وہ اپنی زندگی کے حساب کتاب میں اِس اطمینان کے لئے جگہ بنا لیتا ہے کہ مشکلات و مسائل راستے یا مشن کا اختتام نہیں ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ایمان، محض اللہ تعالیٰ کا وجود ماننے کا نام نہیں؛ بلکہ اُس مستقبل کے سامنے ایک قسم کا سکون ہے جسے وہی اللہ تعالیٰ متعین  فرمائے گا۔ جو انسان، اللہ کے وعدوں پر یقین رکھتا ہے، وہ اپنی زندگی کے حساب کتاب میں اِس اطمینان کے لئے جگہ بنا لیتا ہے کہ مشکلات و مسائل راستے یا مشن کا اختتام نہیں ہیں۔

تیسری اور آخری قسط:

پہلے وعدے کی تکمیل، مستقبل کے وعدوں کی نشانی

قرآن موسیٰ (علیہ السلام) کی واپسی کو صرف اُس کی ماں کے غم کا اختتام نہیں سمجھتا؛ بلکہ اُسے بڑے وعدے پر اطمینان کا پیش خیمہ قرار دیتا ہے: یہ کہ موسیٰ (علیہ السلام) نبی ہوگا۔ سورہ قصص کی آیات اُس کی واپسی کے بیان کے بعد ایک ماں کے سکون سے بڑھ کر ایک مقصد کا ذکر کرتی ہیں:

"فَرَدَدْنَاهُ إِلَى أُمِّهِ كَيْ تَقَرَّ عَيْنُهَا وَلَا تَحْزَنَ وَلِتَعْلَمَ أَنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ وَلَكِنَّ أَكْثَرَهُمْ لَا يَعْلَمُونَ؛

چنانچہ ہم نے موسیٰ کو ان کی ماں کے پاس واپس پہنچا دیا تاکہ ان کی آنکھ ٹھنڈی ہو اور وہ غمگین نہ ہو اور جان لے کہ اللہ کا وعدہ سچا ہوتا ہے لیکن ان میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے۔" (قصص - 13)

واپسی کا وعدہ کم عرصے میں پورا ہؤا؛ لیکن موسیٰ (علیہ السلام) کی رسالت کا وعدہ برسوں بعد ثمر آور ہو گیا۔ یہ واقعہ واضح کر دیتا ہے کہ ایک وعدے کی تکمیل، بڑے وعدے کا انتظار کرنے کے لئے، ایک حوصلہ اور ایک طاقت بن سکتا ہے؛ ایسا تجربہ جو طویل راستے پر، دل کو فراموشی اور شک و تذبذب سے محفوظ رکھتا ہے۔

نعمتوں کی یاد دہانی؛ امید کا سہارا

یاد دہانی کا یہی طریقہ بنی اسرائیل سے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے خطاب میں بھی دیکھا جا سکتا ہے؛ جیسا کہ ارشاد ہوتا ہے:

"وَإِذْ أَنْجَيْنَاكُمْ مِنْ آلِ فِرْعَوْنَ يَسُومُونَكُمْ سُوءَ الْعَذَابِ يُقَتِّلُونَ أَبْنَاءَكُمْ وَيَسْتَحْيُونَ نِسَاءَكُمْ۔۔۔؛

اور (وہ وقت یاد کرو) جب ہم نے تمہیں آل فرعون سے نجات دی جو تمہیں بدترین عذاب میں مبتلا کرتے تھے، تمہارے بیٹوں کو قتل کرتے تھے اور تمہاری عورتوں کو زندہ چھوڑتے تھے۔" (اعراف/141)

حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اُنہیں، ان کو درپیش مسائل و مصائب اور اللہ کی گذشتہ نعمتوں اور مدد و نصرت کی یاد دلاتے ہیں؛ ایسا ماضی جو مستقبل پر اعتماد کا سہارا بن سکتا ہے۔

آج کے معاشرے کے لئے بھی تاریخی تجربات کی یادآوری، ایسا ہی کردار ادا کر سکتی ہے؛ جیسے ایران میں پہلوی حکومت پر اسلامی انقلاب کی فتح اور آٹھ سالہ دفاعِ مقدس میں ایرانی عوام کی مزاحمت۔ اور دنیا کے مظلوم مسلمانوں کو ایران کی مزاحمت کی کامیابی اور دنیا کی شیطانوں طاقت کو شکست دینے کے امکان کی یاددہانی۔

اِن واقعات کی یادآوری، متن کی نظر سے، مستقبل پر زیادہ امید اور اعتماد اور آنے والی کشادگیوں پر یقین، کی بنیاد ہے؛ تاہم مستقبل کے بارے میں ہر توقع اور فیصلے کے لئے دینی وعدوں کی درست فہم و ادراک اور سطحی پن سے پرہيز، ضروری ہے۔

اختتامِ کلام

موسیٰ (علیہ السلام) کی والدہ کا واقعہ ایسے ایمان کی بات کرتا ہے جو مشکل لمحوں میں تشکیل پاتا ہے اور خدائی وعدوں کی تکمیل کے اثرات کا مشاہدہ کرکے، مزید مضبوط و مستحکم ہوتا ہے۔ کبھی کوئی قریبی کشادگی، دور کے وعدے کا افق روشن کر دیتی ہے؛ اور گذرے ہوئے واقعات کی یاد دہانی انسان کو مشن جاری رکھنے کے لئے پُرامید کر سکتی ہے۔"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: محمد علی فانی

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha