بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ امریکی کانگریس کے رکن ایڈم اسمتھ (Adam Smith) نے ایران کے ساتھ جنگ کے بھاری اخراجات پر تنقید کی اور تہران کے ہتھیار ڈالنے کے ذریعے فتح حاصل کرنے کے امکان کے تصور کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ بات چیت کی کوشش کی جانی چاہئے تاکہ ایسا معاہدہ ہو سکے جس سے امریکہ اس جنگ سے باہر نکل آئے۔
اسمتھ نے ایران کے خلاف کارروائی کے دوران امریکی فوجیوں پر پڑنے والے مالی اخراجات اور دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے پناہ رقم خرچ کرنا اور فوجیوں اور ان کی جنگی تیاری پر بے مثال دباؤ ڈالنا بہت بھاری قیمت ادا کرنے کے مترادف ہے۔
اسمتھ نے کہا کہ ایران امریکی دباؤ کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا، اور تہران طویل عرصے تک یہ دباؤ اور اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے، لہٰذا یہ توقع نہیں رکھنی چاہئے کہ جنگ ایران کے ہتھیار ڈالنے پر منتج ہوگی۔
اس امریکی رکن کانگریس نے جنگ کے حوالے سے واشنگٹن کی پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: "ہمیں بہترین ممکن معاہدہ حاصل کرنا چاہئے اور وہاں سے باہر نکل آنا چاہئے، کیونکہ اخراجات بہت زیادہ ہیں۔"
ایران کے ہتھیار ڈالنے کا تصور بے کار ہے
اسمتھ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو اب بھی توقع ہے کہ جنگ ایران کے ہتھیار ڈالنے پر ختم ہو گی، لیکن ایسا منظرنامہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے اور یہ توقع نہیں رکھی جا سکتی ہے کہ تہران فوجی اور اقتصادی دباؤ کے سامنے ہتھیار ڈال دے گا۔
ایڈم اسمتھ نے مزید کہاي ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کے لئے جنگ جاری رکھنا ایک بہت مہنگا راستہ ہے اور امریکہ کو جنگ جاری رکھنے کے بجائے معاہدے کو ترجیح دینی چاہئے۔
ایران کی میزائل صلاحیت قائم و دائم ہے
اس امریکی رکن کانگریس نے ایران کی میزائل سرگرمیوں کے جاری رہنے کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تہران اب بھی میزائل داغ رہا ہے اور میزائل لانچنگ پلیٹ فارم بنا رہا ہے۔
اسمتھ نے تسلیم کیا کہ امریکہ ایران کی میزائل حملوں کی دھمکی اور صلاحیت کو بالکل ختم نہیں کر سکا، اور یہ صورتحال معاہدے کے لئے بات چیت کی ضرورت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
امریکی رکن کانگریس نے ایک بار پھر جنگ کے بھاری اخراجات اور فوجی اہداف حاصل کرنے میں امریکی حکومت کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے بات چیت اور معاہدے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ واشنگٹن کو بہترین ممکن معاہدے تک پہنچنے کے لئے اقدام کرنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ