بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ مسلح افواج کے کمانڈر انچیف امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) سے سینئر کمانڈروں کی ملاقات، ـ جس میں دشمنوں کا طاقتور طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے ذہین جنگی تیاری اور زیادہ سے زیادہ تسدید (بازداری - Deterrence) کی ضرورت پر زور دیا گیا، ـ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کے لئے ایک واضح پیغام کی حامل تھی: ہر سطح اور ہر قسم کی دھمکی/خطرے کا فوری، مؤثر اور جغرافیائی حدود کی پابندی سے ماوراء، جواب دیا جائے گا۔
دوسرا حصہ:
علاقائی جنگ سے، ماورائے علاقائی جواب تک
سیاسی امور کے ماہر "سپہر خَلَجِی" نے بھی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے بیانات میں دو اہم نکات ـ یعنی دھمکیوں کا جغرافیائی حدود کی پابندی کے بغیر جواب، اور ٹارگٹ بینک کی تازہ کاری (اپڈیٹنگ) ـ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے زور دیا کہ یہ نقطہ نظر ایران کے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ تصادم میں ایک نیا باب کھول سکتا ہے۔
انھوں نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ " 40 روزہ جنگ کے دوران ، ایرانی اہداف پر حملوں کے لئے ـ یورپی اڈوں سے 5 ہزار پروازیں انجام پائیں، اور کہا کہ یہ ایران کے خلاف امریکہ اور صہیونی رجیم کی جنگ میں ماورائے علاقائی ممالک کی شرکت کا اعلان ہے۔
خَلَجِی کا ماننا ہے کہ مسلح افواج کے لئے جاری کردہ نئے فرمان کے پیش نظر، ایران کے جواب کا دائرہ اب علاقائی اہداف تک محدود نہیں رہے گا اور جس نقطے سے بھی اسلامی جمہوریہ کے خلاف خطرہ ہوگا، وہ نقطہ اس جواب کا نشانہ بنے گا۔
سیاسی امور کے اس ماہر نے رہبرِ انقلابِ اسلامی کی طرف سے ٹارگٹ بینک کی تازہ کاری پر تاکید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اگر پہلے کچھ اہداف اور مفادات کو کچھ تحفظات کی بنا پر نشانہ نہیں بنایا جا رہا تھا، تو مستقبل کے ممکنہ تصادم میں یہ پابندیاں ہٹائی جا سکتی ہیں اور شناخت شدہ اہداف کو کام میں لایا جا سکتا ہے۔
خَلَجِی کے نقطہ نظر سے، ایسی صورت حال امریکہ، یورپ اور خطے کے ممالک کے لئے وسیع تر اقتصادی نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
امریکہ کی دوبارہ جارحیت کی صورت میں جنگ کو ماورائے علاقائی (لامحدود) بنائیں گے، زارعان
علاقائی امور کے ماہر احمد زارعان نے بھی کسی بھی ممکنہ جارحیت کے لئے ایران کے جامع جواب پر زور دیتے ہوئے کہا: اگر امریکی-صہیونی دشمن دوبارہ اسلامی جمہوریہ ایران پر جارحیت کرے تو ایران کا جواب کسی ایک جغرافیائی دائرے یا تصادم کی کسی ایک سطح تک محدود نہیں ہوگا اور علاقائی و ماورائے علاقائی میدان میں تمام دستیاب ذرائع استعمال کئے جائیں گے اور زد میں آنے والے اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انھوں نے جنگِ رمضان کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا: جس طرح کہ جنگِ رمضان کے دوران ہم نے جنگ کو علاقائی بنایا اور خطے میں امریکی مفادات کو نقصان پہنچایا، اگر امریکہ دوبارہ وہی حماقت دہرائے تو ہم جنگ کو ماورائے علاقائی بنائیں گے اور خطے سے باہر بھی امریکی مفادات کو نقصان پہنچائیں گے۔
زارعان نے خطے سے امریکی فوجی ساز و سامان کے ممکنہ انخلا کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ اس اقدام کا لازمی مطلب یہ نہیں ہوگا کہ امریکی ساز و سامان اور مفادات ایران کی جوابی کاروائیوں سے محفوظ رہیں گے اور ایران کے حملوں کی زد میں نہیں آئیں گے۔
علاقائی امور کے اس ماہر کا ماننا ہے کہ مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور مسلح افواج کے کمانڈروں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات، اندرونی طور پر دستیاب فوجی صلاحیتوں کی بنیاد پر، ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: محمد رضا دہقان
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ