بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ جیسا کہ سعودی سے وابستہ خبر رساں ایجنسیوں نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فوج کی صفوں میں ترک اور پاکستانی فوجیوں کی شمولیت کے ساتھ ہی "مکہ معاہدہ" کا نفاذ نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
تیسری قسط:
احمد عزت (فورگاچ) پاشا، جو بیسویں صدی کے اوائل میں عثمانیوں کے خلاف زیدی بغاوت کو کچلنے کے لئے یمن بھیجا گیا تھا، اپنی تصنیف "میرا مرثیہ" میں یمن میں عثمانی جدوجہد کے دور (1635-1840) کو یوں بیان کرتا ہے: "جبل میں ایک صدی کی کشمکش اور اندرونی بغاوتوں اور زیدی اماموں کے خلاف مسلسل جنگوں کے بعد جو 1045 ہجری (1635) تک جاری رہیں، پورے یمن کا علاقہ محاصرے اور حیدر پاشا پر ڈالے گئے دباؤ کی وجہ سے زیدی اماموں کی حکومت کی عملداری میں آ گیا۔ حیدر پاشا جسے مرکزی حکومت نے بھلا دیا اور جبل میں چھوڑ دیا۔"
عثمانی ذرائع اس بات کی وضاحت نہیں کرتے کہ زیدیوں کے ساتھ ان 100 سالہ جنگوں میں کتنے لوگ مارے گئے اور صرف یہ کہتے ہیں کہ "ہزاروں لوگ ہلاک ہو گئے۔"
ۢعثمانی اخبار کے 1316 (1900) کے شمارے 15 میں "یمن میں صورتحال" کے عنوان سے ایک مضمون میں لکھا تھا: "احمد فوزی پاشا کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں، سالانہ تقریباً 4,000 ترک ہلاک ہو جایا کرتے تھے۔"
عائشہ ہور نے اپنے مضمون میں لکھا: "یمن جانا اور واپس نہ آنا" سولہویں صدی سے عثمانی فوجیوں کا انجام رہا۔
عائشہ ہور اپنے مضمون میں ایک عثمانی اہلکار کا حوالہ بھی دیتی ہیں جس نے کہا تھا کہ 1871 اور 1894 کے درمیان، 130,000 عثمانی فوجی حجاز اور یمن میں دفنا دیئے گئے۔
مارشل گالیپ (Galip)، جس نے انیسویں صدی میں یمن میں کپتان کے عہدے پر خدمات انجام دیں، لکھا ہے: "چونکہ میں جنرل اسٹاف کے تحت کام کرتا تھا، جنرل اسٹاف کے تمام ریکارڈ میرے ہاتھوں سے گذرتے تھے۔ ان ریکارڈز میں، میں نے ان نئے فوجیوں کے درمیان وسیع اور خوفناک خلا دیکھا جو فوج میں شامل ہوتے تھے، اور ان کے درمیان جو ان کی جگہ لیتے یا ناکارہ ہو جاتے تھے، ۔۔۔ یمن اس وقت ایک مستقل جنگی علاقہ تھا۔"
گالیپ نے مزید لکھا ہے: "میں نے ان لوگوں کی تعداد کا موازنہ کیا ـ جو اپنے دستوں میں شامل ہوئے یا اجتماعی طور پر بھرتی ہو کر بغاوتوں کی بنا پر بھیجے گئے، ان لوگوں کی تعداد سے ـ جو زندہ بچے تھے اور وطن واپس آئے۔ میں نے جو نتیجہ اخذ کیا وہ یہ تھا: "گذشتہ 22 سالوں میں، مجموعی طور پر 130,000 اناطولیائی نوجوان حجاز اور یمن کے صحراؤں میں دفن کئے گئے تھے۔"
سنہ2011 میں، ترکیہ کے اس وقت کے صدر، عبداللہ گل نے صنعاء میں ترکوں کے یادگاری قبرستان (Yemen-Türk Şehitliği) کی تعمیر نو اور افتتاح کیا تاکہ ان عثمانی فوجیوں کی یاد زندہ رکھی جائے جو یمن کی مہمات میں جان سے گئے۔
صرف ایک سال بعد، سنہ 2012 میں، یمنیوں نے [عثمانی استعمار کی یادگار کے طور پر] اس قبرستان کا کچھ حصہ تباہ کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترتیب و ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ