بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ جیسا کہ سعودی سے وابستہ خبر رساں ایجنسیوں نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فوج کی صفوں میں ترک اور پاکستانی فوجیوں کی شمولیت کے ساتھ ہی "مکہ معاہدہ" کا نفاذ نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
دوسری قسط:
سنہ 2015 میں، جب سعودی عرب نے پہلی بار یمن میں انصاراللہ کی افواج کے خلاف فوجی مداخلت کی، ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا: "ہم بھی 'واقعات کے رخ کے مطابق'، سعودیوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے پر غور کر سکتے ہیں!"
تاہم، انقرہ کو یہ موقع فراہم ہونے پر جشن منانے میں جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہئے، کیونکہ تاریخ کے پاس ترکوں کے لئے ایک عبرت آموز سبق موجود ہے۔
طاقتور عثمانی سلطنت نے کسی زمانے میں ایشیا، افریقہ اور یورپ کے تین براعظموں پر حکومت کی؛ اسلام کے تین مقدس مقامات، جن میں مکہ، مدینہ اور یروشلم (بیت المقدس) شامل ہیں، پر کنٹرول رکھا؛ اور بلقان اور جنوبی یورپ میں وسیع علاقے پر حکمرانی کی۔
لیکن عثمانی کبھی بھی یمن کے زیدی قبائل کو مکمل طور پر اطاعت گزار نہیں بنا سکے۔ جو آج کے انصاراللہ مجاہدین کے تاریخی آباء و اجداد ہیں۔
ایک صدی قبل، درحقیقت، یمن کو اکثر "اناطولیہ کا قبرستان" یا "عثمانی فوجیوں کا قبرستان" کہا جاتا تھا۔
وکٹوریہ کلارک (Victoria Clark) اپنی کتاب "یمن: سانپوں کے سروں پر رقص (Yemen: Dancing on the Heads of Snakes)" میں لکھتی ہیں کہ 1890 کی دہائی تک، یمن احمد فیضی پاشا کی فوجی مہمات کے دوران پہلے ہی "ترکوں کے قبرستان" کے طور پر مشہور ہو چکا تھا۔
وہ ایک عثمانی اہلکار کا حوالہ بھی دیتی ہیں جس نے کہا تھا: "یمن اب مسلمانوں اور پیسوں کا قبرستان بن چکا ہے۔"
ترک صحافی اور مصنف، مصطفیٰ بالبے (Mustafa Balbay)، نے اپنی کتاب کا نام "Türkler Mezarlığı Yemen" رکھا جس کا مطلب ہے "ترکوں کا قبرستان"۔
کتاب "یمن: ترکوں کا قبرستان"
درحقیقت، یمن کو "ترک فوجیوں کا قبرستان" کہنا عثمانی (ترک) تاریخی یادداشت میں ایک بار بار آنے والا موضوع ہے۔
"Yemen Türküsü" ایک مشہور ترک لوک گیت ہے جو درحقیقت ان عثمانی فوجیوں کے لئے ایک غم انگیز نوحہ ہے جو پہلی جنگ عظیم میں لڑنے کے لئے یمن گئے اور کبھی واپس نہیں آئے۔
ایک اور ترک لوک گیت ان مشکلات کو یاد کرتا ہے جن کا عثمانی فوجیوں کو یمن میں سامنا تھا اور ان ترکوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو یمن گئے لیکن کبھی واپس نہیں آئے۔
"آسمان پر بادل نہیں، تو یہ دھؤاں کیا ہے؟
محلے میں موت نہیں، تو یہ شور کیا ہے؟
یمن کی یہ زمینیں کتنی دھوکہ باز ہیں
اے یمن، ہر گلشن ایک چمنزار ہے
جو جاتے ہیں وہ واپس کیوں نہیں آتے؟"
عائشہ ہور (Ayşe Hür) اپنے مضمون "سب سے بڑا عثمانی قبرستان: یمن (The largest Ottoman cemetery: Yemen)" میں لکھتی ہیں کہ یمن میں عثمانی حکومت کو زیدیوں کی شدید مزاحمت اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا؛ اور وہ زیدی آج کی انصاراللہ مجاہدین کے آباء و اجداد ہیں، وہی زیدی جو کہا کرتے تھے کہ "عثمانی 'دستار بند کافر' ہیں۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترتیب و ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ