بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا کے مطابق، فرانسیسی خبر ایجنسی نے آج سعودی حمایت یافتہ مستعفی یمنی حکومت کے تین ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی کہ یمن کی مسلح افواج نے بحیرہ احمر کے ساحل پر، اسٹراٹیجک آبنائے باب المندب کے قریب واقع شہر المخا کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
مذکورہ ذرائع نے مزید بتایا کہ یمن کی مسلح افواج المخا کے علاوہ ـ شہر ذو باب سمیت ـ اس آبنائے کے ساتھ واقع ساحلی شہروں، پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہیں، تاکہ بحیرہ احمر کے کنارے یمن کے تمام ساحلوں پر تسلط قائم کر سکیں۔
فرانسیسی خبر ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے یہ بھی لکھا کہ "انصار اللہ کے ارکان اور یمنی فوجی آج اپنے معمول کے نعروں کے ساتھ ـ جن میں مردہ باد امریکہ - مردہ باد اسرائیل - شامل ہیں، ـ کے ساتھ خوشی خوشی شہر المخا میں داخل ہوئے"۔
مستعفی یمنی حکومت سے وابستہ ایک فوجی ذریعے نے بھی تصدیق کی کہ انصاراللہ نے بحیرہ احمر کے جنوب میں واقع جزیرہ زُقَر پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کے بعد، جنگجوؤں سے بھری کشتیوں کے ذریعے زمینی حملہ شروع کیا اور اس وقت انھوں نے اس یمنی جزیرے کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔
آبنائے باب المندب، ـ جو بحری جہاز رانی کے لئے خطرناک ہونے کی وجہ سے ـ "باب الدموع" (آنسوؤں کا دروازہ) کہلاتا ہے، ـ بحیرہ احمر کا جنوبی دروازہ ہے اور جزیرہ نما عرب میں یمن اور افریقی ساحل پر جبوتی اور اریٹیریا کے درمیان واقع ہے۔

یہ آبنائے خلیج فارس سے خام تیل اور ایندھن کو نہر سوئز یا بحیرہ احمر کے ساحل پر مصر کی سومید پائپ لائن کے ذریعے بحیرہ روم تک منتقل کرنے کی گذرگاہ ہونے کے باعث، دنیا کے اہم ترین گذرگاہوں میں سے ایک ہے اور یورپ سے ایشیا ـ اور ایشیا سے یورپ ـ جانے والے سامان کا راستہ بھی یہی ہے۔
جزیرہ زُقَر الحدیدہ (انصاراللہ کے زیر کنٹرول بندرگاہ) سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور آبنائے باب المندب کے قریب واقع ہے۔ یہ مقام اسے بحیرہ احمر، خلیج عدن اور آبنائے باب المندب پر نگاہ رکھنے کا امکان فراہم کرتا ہے۔
یہ جزیرہ بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے راستے پر واقع ہے اور جو بھی قوت اس پر تسلط قائم کرے وہ گذرنے والے تجارتی اور فوجی جہازوں کی نگرانی کر سکتا ہے۔
المخا میں انصاراللہ کی تیز رفتار پیش قدمی کی ابتدائی خبر کے سامنے آنے کے ایک گھنٹے بعد، فرانسیسی خبر ایجنسی نے مستعفی یمنی حکومت کے ایک فوجی اہلکار اور عینی شاہدین کے حوالے سے لکھا کہ "یمنی فوج اور انصار اللہ نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع شہر المخا کا کنٹرول حاصل کر لیا"۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ