بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ مصر، قطر اور ترکیہ نے ایک مشترکہ بیان میں، غزہ پٹی میں صہیونی ریاست کے حالیہ حملوں کی "سخت الفاظ میں مذمت" کی ہے جن کے نتیجے میں متعدد شہریوں کی شہادت ہوئی، اور اس پٹی میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے: ہم غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیل کے حملوں میں شدت، اس حساس مرحلے میں علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو کمزور کرتی ہے۔
ان تینوں ممالک نے ایک بار پھر اسرائیل کو غزہ میں آتشبس معاہدے کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں پر عمل کرنے کی ضرورت اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کی اہمیت پر زور دیا جو ممکنہ طور پر جنگ بندی کو کمزور کرے یا کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے۔
اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے: ہم ایک بار پھر بین الاقوامی برادری اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے تحفظ پر نظر رکھے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے آج یہ بھی اعلان کیا کہ غزہ پٹی پر صہیونی ریاست کے مسلسل حملوں کے باعث، گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ پٹی پر صہیونی حملے ٹرمپ کی نگرانی میں ہو رہے ہیں اور ان تین ممالک کا بیان صرف ایک نمائشی اقدام اور زبانی جمع خرچ کے زمرے میں آتا ہے اور ان ممالک کے سربراہان اور سینئر اہلکار ٹرمپ اور نیتن یاہو کے عقیدتمند ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ