اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز شہر کے معروف "اسپیس نیڈل" ٹاور کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
سیئٹل پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے سلسلے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حملے کے محرکات اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدام کے باعث صورتحال کو قابو میں لایا گیا اور مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب ہاربر ویو میڈیکل سینٹر کے مطابق زخمیوں میں ایک بچہ، 39 سالہ خاتون، 23 سالہ نوجوان اور ایک اور خاتون شامل ہیں، جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ان کی سرجری کی جا رہی ہے۔
حکام نے تاحال حملہ آوروں کی حتمی تعداد یا فائرنگ کے محرکات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
آپ کا تبصرہ