15 جولائی 2026 - 18:18
نتن یاہو خاندان کو جان کا خطرہ؛ سکیورٹی پانچ سال مزید بڑھانے کی کوشش

تل ابیب: صہیونی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ بنیامین نتن یاہو کا خاندان آئندہ انتخابات میں ممکنہ شکست کی صورت میں بھی اپنی سکیورٹی مزید پانچ سال تک برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اس معاملے پر صہیونی سیاسی اور سکیورٹی اداروں میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، صہیونی اخبار یدیعوت آحرونوت نے رپورٹ دی ہے کہ نتن یاہو کے قریبی افراد شاباک (داخلی سکیورٹی ادارے) اور دیگر سکیورٹی حکام سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ وزیر اعظم کے خاندان کی سکیورٹی آئندہ پانچ برس کے لیے بھی برقرار رکھنے کی منظوری حاصل کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق، سارہ نتن یاہو نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ان کے شوہر کی سکیورٹی عمر بھر جاری رکھی جائے، تاہم فیصلہ ساز حلقوں میں اس تجویز کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

اخبار کے مطابق، شاباک سے متعلق وزارتی کمیٹی متعدد بار اس درخواست کی منظوری مؤخر کر چکی ہے اور اس بارے میں اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد بڑھتے ہوئے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ادارے نتن یاہو کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کے اصول سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم اس تحفظ کی مدت کے حوالے سے مختلف اداروں میں اختلافِ رائے موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اختلافات کا ایک اہم سبب نتن یاہو کی اہلیہ اور بچوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق ہے۔ موجودہ قوانین کے تحت بنیامین نتن یاہو وزارتِ عظمیٰ چھوڑنے کے بعد بھی 20 سال تک شاباک کی سکیورٹی کے حقدار ہوں گے، لیکن اگر وہ آئندہ انتخابات میں شکست کھا جاتے ہیں تو ان کے اہلِ خانہ کی سکیورٹی میں توسیع کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha