اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یہ واقعہ ریاست یوٹاہ کے شہر ویسٹ ویلی کے ویلی فیئر مال میں پیش آیا، جہاں حملہ آور نے متاثرہ شخص کے قریب جا کر پہلے اس کا نام اور مذہب دریافت کیا، پھر اس پر پے درپے چاقو کے وار کر دیے۔ موقع پر موجود افراد نے پولیس پہنچنے سے پہلے ہی حملہ آور کو قابو کر لیا۔
پولیس کے مطابق 48 سالہ ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے مسلمان ہونے کی وجہ سے متاثرہ شخص کو نشانہ بنایا اور اسے قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی رہائی معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔
متاثرہ شخص، جو شاپنگ مال کے ایک اسٹال پر ملازم تھا، تقریباً 15 چاقو کے وار لگنے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی جان بچانے کے لیے متعدد آپریشن کرنا پڑیں گے۔
واقعے کے بعد امریکہ کی کونسل برائے اسلامی تعلقات (CAIR) سمیت مسلم حقوق کی مختلف تنظیموں نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں اسلاموفوبیا پر مبنی نفرت انگیز جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھی اس واقعے کو حالیہ برسوں میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کے تسلسل کا حصہ قرار دیا ہے۔
آپ کا تبصرہ