اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے پیش نظر مزاحمت کو اپنے وطن اور عوام کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
جاری بیان میں حزب اللہ نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج نے ایک روز کے دوران متعدد فضائی اور زمینی کارروائیاں کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بیان کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ کئی قصبوں میں دھماکوں اور ڈرون حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض علاقوں میں شہری آبادی کے قریب صوتی بم پھینکے گئے اور مشتبہ اشیاء بھی گرائی گئیں، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جبکہ مزاحمت اب تک معاہدے کی پابندی کرتی رہی ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ وہ ان تمام واقعات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور لبنان کی سرزمین، خودمختاری اور عوام کے دفاع کے لیے اپنے حق کو محفوظ سمجھتی ہے۔
بیان کے اختتام پر حزب اللہ نے زور دیا کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ