26 جون 2026 - 00:49
صومالی لینڈ میں اسرائیلی موجودگی کو برداشت نہیں کریں گے / اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم فتح پر مبارکباد دیتے ہیں، الحوثی

انصاراللہ کے قائد نے بحرِ احمر کے متصل ممالک سے اس خطے میں صہیونی ریاست کی سرگرمیوں کے بارے میں مشترکہ موقف اختیار کرنے کی دعوت کرتے ہوئے تاکید کی کہ یمن صومالی لینڈ میں، کسی بھی شکل میں، صیہونیوں کی کسی بھی موجودگی اور تعیناتی پر، ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی آبنا؛ قائد انصاراللہ یمن، سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عاشورائے حسینی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: اسلامی امت کفر کے سرغنوں ـ یعنی امریکہ اور اسرائیل ـ کے مقابلے میں اپنا عزم اور ارادہ ایمان، فرآن اور امام حسین علیہ السلام کے نور سے حاصل کرتی ہے، چاہے قربانیاں کتنی ہی عظیم کیوں نہ ہوں اور چاہے اخراجات کا حجم کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔

یمن کے رہبر انقلاب نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل میں کفر کے سرغنونوں کے شیطانی اہداف اور ان کے اقدامات، ـ بشمول وہ برتاؤ جو انہوں نے فلسطینی عوام اور مسلم اقوام کے ساتھ روا رکھا ہے ـ ثابت کرتے ہیں کہ وہ تمام انسانی معاشروں کے لئے شَرِّ مطلق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شیطانی گروہ سے نجات کے لئے ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے سوا اس کے، کہ ان کی سرکشی کا مقابلہ کیا جائے؛ اور امت کی ذمہ داری جہاد اور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے۔

یمن کے رہبر انقلاب نے واضح کیا: ہم امت اسلامیہ کے دشمنوں پر اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم فتح کو اس عظیم موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں؛ یہ فتح، جہاد پورے محور مقاومت کے لئے، مزاحمت  اور مقابلے کے ایک اہم مرحلے میں، ایک اہم اور تاریخی فتح سمجھی جاتی ہے۔

سید عبدالملک الحوثی نے زور دے کر کہا: ہم جنگ اور تقابل کے کسی بھی نئے دور کے لئے، اپنے بھائیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور کشیدگی اور جارحیتوں میں شدت کے مقابلے میں ہر میدان میں ـ خاص طور پر غزہ میں ـ اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ہرگز نہیں ہچکجائیں گے۔

انھوں نے کہا: ہم انتہائی باریک بینی اور توجہ کے ساتھ نام نہاد صومالی لینڈ کی سرزمین میں حالات کی تبدیلیوں اور اسرائیلی دشمن خلیج عدن، باب المندب اور بحرِ احمر پر کنٹرول حاصل کرنے کے مقصد سے صہیونی ریاست کے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں، اور بحرِ احمر کے ساحلی ممالک سے کہتے ہیں کہ دشمن کی سرگرمیوں کے بارے میں مشترکہ مؤقف اختیار کریں، یمن صومالی لینڈ پر صہیونی قابضوں کی کسی بھی قسم کی توجہ و ارتکاز و تعیناتی پر، ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے گا۔

انصاراللہ کے رہنما نے مزید کہا: ہم صومالی لینڈ میں اسرائیلی دشمن کی کسی بھی سرگرمی کو نشانہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے اور اسرائیل کے حملوں کے خلاف صومالیہ کی حمایت کا مطالبہ کرتے ہیں؛ یہ اقدام صومالیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور خطے کے لئے خطرہ شمار ہوتا ہے۔

سید عبدالملک نے کہا: ہم امریکی-سعودی جارحیت، قبضے اور محاصرے کے امتداد کو قبول نہیں کریں گے اور اپنی مظلومیت کے دائرے میں، اس سے نجات کے لئے تمام جائز ذرائع سے کام لیں گے تاکہ ہمارے عوام آزادی، خودمختاری اور عزت کے ساتھ زندگی سے مستفید ہوں۔

علیحدگی پسند علاقے صومالی لینڈ نے گذشتہ دنوں مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے اور صہیونی ریاست کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرجت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha