23 جون 2026 - 14:18
مآخذ: ابنا
روس اور ایران کا لبنان سے اسرائیلی افواج کے انخلا پر زور

روس اور ایران نے لبنان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے لبنان کی سرزمین سے اسرائیلی فوجیوں کے فوری انخلا کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،روس اور ایران نے لبنان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے لبنان کی سرزمین سے اسرائیلی فوجیوں کے فوری انخلا کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق، ماسکو میں روسی اور ایرانی سفارت کاروں کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم مشاورت ہوئی، جس میں خطے میں فوجی تنازع کے خاتمے سے متعلق ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے نفاذ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق، روسی نائب وزیر خارجہ گئورگی بوریسینکو، مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ امور کے ڈائریکٹر الیگزینڈر کینشاک اور ایرانی وزارت خارجہ کے معاون وزیر مہدی شوشتری نے علاقائی بحرانوں اور امن کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر جنگ بندی کو مستقل اور پائیدار شکل دی جائے، جس کے لیے تمام فریقوں کو اشتعال انگیز اور دشمنانہ اقدامات سے گریز کرنا ہوگا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کے مطابق سیاسی اور سفارتی حل کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

روس اور ایران نے لبنان سے اسرائیلی افواج کے جلد از جلد انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں غزہ کی صورتحال بھی زیر بحث آئی، جہاں دونوں ممالک نے مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور تباہ شدہ شہری بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے میں کشیدگی کم کرنے، غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع روکنے اور بیت المقدس کے مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

روسی وزارت خارجہ نے فلسطینی مسئلے کے جامع حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

فریقین نے شام، لیبیا، سوڈان اور دیگر علاقائی مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور خطے کے تنازعات کے حل کے لیے باہمی سفارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔


لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha