بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ سپاہ پاسداران کے اعلان کے مطابق، خطے میں امریکی-صہیونی دشمن کے اڈوں پر، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے حالیہ حملے، ایران کی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزی کے جواب میں کئے گئے ہیں، اور اسی لئے یہ امریکہ کے فوجی جارحیت کے جواب کے دائرے میں سمجھے جا سکتے ہیں۔ تاہم بحرین پر توجہ اور اس ملک میں امریکی اڈوں پر حملوں کا اعادہ، 'امریکہ کی فوجی محاذ آرائی کی اگلی صف میں آل خلیفہ قبیلے کے تحت اس عرب ریاست کی خاص اہمیت' کو عیاں کرتا ہے اور علاوہ ازيں، بحرین کی خصوصی صورتحال پر ایران کی توجہ کی علامت بھی ہو سکتی ہے؛ ایسی حکومت جس نے برسوں سے امریکی فوجی موجودگی کی ہڈی کو اپنے اندرونی سیاسی اور سماجی بحران کے زخم کے اندر دبا کر رکھا ہؤا ہے۔
بحرین خطے کے چند شیعہ اکثریتی ممالک میں سے ایک ہے؛ لیکن سیاسی طاقت کا ڈھانچہ فرقہ وارانہ تعلقات کے نیٹ ورک کے کنٹرول میں ہے جو مذہبی رجحانات کی بنیاد پر، ملکی اقتدار میں عوام کی حقیقی شراکت داری کو طاقت کے بل بوتے پر، نظر انداز کر دیتا ہے اور وسیع احتجاجات کو جنم دیتا ہے۔ یہ احتجاجات 2011 میں عربی بہار کے ساتھ عروج پر پہنچے اور ایسے مظاہرین کو سڑکوں پر لائے جو حق خودارادیت، سیاسی اصلاحات، حکومت کی جوابدہی اور امتیازی سلوک کے خاتمے اور اقلیت کی حکومت کے بجائے عوامی حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے۔
آل خلیفہ کی حکومت کے پاس اس اکثریتی مطالبے کا کوئی جواب نہیں تھا اور اس نے حل سعودی عرب اور امارات کے فوجی دستوں کی مداخلت میں دیکھا؛ تاکہ نام نہاد "درع الجزیرہ" (Peninsula Shield) فورسز کی شکل میں احتجاجات کو کچل کر اپنی غیر جمہوری، غیر منتخب اور ٹھونسی ہوئی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں، آل خلیفہ قبیلہ بحرین کی آبادیاتی ترکیب کو بھی درہم برہم کرنا اور کچھ غیر ملکی شہریوں کو شہریت دینے اور شیعہ شہریوں کی شہریت سلب کرنے، کے ذریعے تبدیل کرنا چاہتا تھا اور اقتصادی و سیاسی مواقع کی تقسیم کو شدت سے محدود کرنا چاہتا تھا؛ ایسے اقدامات جنہوں نے مسئلہ حل کرنے کے بجائے سماجی اور سیاسی خلیج کو مزید گہرا کر دیا۔
اب عربی بہار کے 15 سال بعد اور عوامی احتجاجات کے تسلسل کے ساتھ، درجنوں علمائے دین کی عمر قید اور طویل قید کی سزاؤں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بحرین پر مسلط قبیلے نے سیاسی اور سماجی جڑوں والے مسئلے کے بارے میں اپنا "سیکیورٹی پر حد سے زیادہ مرکوز نقطہ نظر" پر مبنی برقرار پالیسی برقرار رکھی ہے اور وہ اسے حل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: محمد ولیان پور
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ