اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے ان بیانات پر ردعمل ظاہر کیا، جن میں انہوں نے ایران کے پُرامن جوہری پروگرام اور صیہونی حکومت کے فوجی جوہری پروگرام کے حوالے سے ایجنسی کے دوہرے طرزِ عمل کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔
بقائی نے واضح کیا کہ گروسی صیہونی حکومت کے معاہدۂ عدم پھیلاؤ میں شامل نہ ہونے کا حوالہ دے کر اس حکومت کے جوہری اسلحے کے ذخیرے کے حوالے سے ایجنسی کی بے اعتنائی اور ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ اس کے دوہرے طرزِ عمل کو چھپا نہیں سکتے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے گروسی کی اس دلیل کا حوالہ دیا کہ ’’ایران معاہدۂ عدم پھیلاؤ کا رکن ہے اور اس کا ایجنسی کے ساتھ جامع حفاظتی معاہدہ موجود ہے، جبکہ اسرائیل کی صورتِ حال ایسی نہیں ہے۔‘‘ گروسی نے اس بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ اس تقابل میں دوہرے معیار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بقائی نے اس جواب کو قانونی دائرۂ اختیار کو ادارہ جاتی ذمہ داری اور غیر جانب داری کے ساتھ خلط ملط کرنے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک قابض اور نسل کشی کرنے والی ہستی، جس کے پاس جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ بھی موجود ہے، جامع نگرانی سے باہر کیوں رہنی چاہیے؟ اور اس صورتِ حال کا عدم پھیلاؤ کے نظام کے اعلان کردہ مقصد سے کیا تعلق ہے؟
انہوں نے مزید یاد دلایا کہ بظاہر گروسی 1995 کی تاریخی قرارداد کو بھول گئے ہیں، جس میں امریکہ، روس اور برطانیہ کی حمایت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تمام فریق، ’’بلا استثنا‘‘، معاہدۂ عدم پھیلاؤ میں شامل ہوں اور ان کی تمام جوہری تنصیبات جامع حفاظتی نگرانی کے تحت لائی جائیں۔ بقائی کے مطابق، سال 2000 میں معاہدے کے جائزے کی کانفرنس نے بھی واضح طور پر اسرائیل کے اس معاہدے میں شامل ہونے اور ایجنسی کی جامع نگرانی قبول کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ قرارداد اس اتفاقِ رائے کی بنیادوں میں شامل تھی جس کے نتیجے میں معاہدۂ عدم پھیلاؤ کی غیر معینہ مدت تک توسیع ممکن ہوئی۔ لہٰذا اسرائیلی حکومت کا معاملہ کوئی نیا سیاسی مطالبہ نہیں، بلکہ ان تاریخی وعدوں اور معاہدوں کا حصہ ہے جنہوں نے عدم پھیلاؤ کے نظام کی تشکیل میں کردار ادا کیا۔ اس لیے ایجنسی اس فرق کا حوالہ دے کر یہ نہیں کہہ سکتی کہ عدم پھیلاؤ کے نظام کی عالمگیریت کے قیام میں ناکامی اور خطے میں جوہری سلامتی کی عدم مساوات پر سوال اٹھانے کا کوئی جواز نہیں۔
بقائی نے زور دے کر کہا کہ اگر معاہدۂ عدم پھیلاؤ کی رکنیت ایران سے جواب دہی کا مطالبہ کرنے کی بنیاد ہے تو اسرائیل کی عدم رکنیت کو اس حکومت کے معاہدے میں شامل ہونے اور جامع نگرانی قبول کرنے کے مطالبے سے مستقل استثنا کا ڈھال نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ غیر جانب داری کا تقاضا صرف رکن ممالک کی ذمہ داریوں پر عمل درآمد تک محدود نہیں کیا جا سکتا، جبکہ عدم پھیلاؤ کا نظام اس معاہدے سے باہر رہنے والوں کے حوالے سے اپنی ناکامی کا جواب دینے سے گریز کرے۔
بقائی نے اپنے مؤقف کے ایک اور حصے میں کہا کہ ایجنسی کے دوہرے معیار کا معاملہ یہیں ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ گروسی نے یوکرین میں زاپوریژیا جوہری بجلی گھر کے واقعات کے بارے میں واضح طور پر کہا تھا: میں بجلی گھر کے اندر یا اس کے آس پاس کسی بھی قسم کے پُرتشدد اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔‘‘ لیکن ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ اور اسرائیل کی بمباری کے معاملے میں انہوں نے صرف اس عمومی بیان پر اکتفا کیا کہ جوہری تنصیبات کو حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، اور حملے کے ذمہ داروں کی واضح الفاظ میں مذمت کرنے سے گریز کیا۔
بقائی نے آخر میں زور دیا کہ جب ایک معاملے میں میں مذمت کرتا ہوں کے الفاظ استعمال کیے جائیں اور دوسرے معاملے میں ’’ہم کسی پر الزام نہیں لگاتے‘‘ کا سہارا لیا جائے تو دوہرا معیار بالکل واضح ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق، یہ طرزِ عمل ایجنسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عدم پھیلاؤ کے نظام کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
آپ کا تبصرہ