اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،بغداد: عراق کے معروف سیاسی رہنما سید عمار حکیم اور عالمی اہل بیت اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ حسن رمضانی کے درمیان بغداد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں عالمِ اسلام کی صورتحال اور خطے میں جاری سیاسی و سیکیورٹی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عراق میں جریانِ حکمتِ ملی کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے ایران کے عوام کی مزاحمت، استقامت اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے ایک جامع، منصفانہ اور قابلِ قبول حل تلاش کرنا ضروری ہے، جو کشیدگی کے خاتمے اور مستقبل میں تنازعات کے دوبارہ جنم لینے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو۔
سید عمار حکیم نے اس موقع پر عراق کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید سیاسی تعطل اور پیچیدہ حالات سے نکلنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے ایسی حکومت تشکیل دی گئی جو عراق کو درپیش معاشی اور مالی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق نے اقتدار کی پرامن منتقلی، جمہوری عمل کے احترام اور احتجاج کے اظہار کے لیے قانونی و آئینی اداروں سے رجوع کرنے کی ایک مثبت مثال قائم کی ہے، جو خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی قابلِ تقلید نمونہ ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے عالمِ اسلام میں اتحاد، باہمی تعاون اور مکالمے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آپ کا تبصرہ