16 مئی 2026 - 11:02
امریکہ فلسطینیوں کی نسل کُشی میں اسرائیل کے جرائم میں برابر کا شریک ہے، اسلامی جمہوریہ ایران

ایران کی وزارت خارجہ نے آج رات "یوم نکبت" کے موقع پر ایک بیان میں، غاصب ریاست کے خلاف فلسطینی عوام کی مزاحمت کے بنیادی حق پر زور دیا اور غزہ اور مغربی کنارے کے عوام کی اپنی سرزمین سے جبری بے دخلی پر مشتمل کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا: امریکہ کی حکومتیں یکے بعد دیگرے فلسطینیوں کی نسل کُشی میں اسرائیل کے جرم میں یقینی شریک، اور براہ راست ملوث ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ وزارت خارجہ نے جمعہ اور ہفتے کی 15 مئی (2026 کی درمیانی رات) کو "یوم نکبت" کے موقع پر ایک بیان جاری کیا؛ جس میں کہا گیا ہے:

صہیونی وجود کو علاقے اور دنیا پر مسلط کئے جانے کی برسی کے موقع پر، جسے برحق "یوم نکبت" کا نام دیا گیا ہے، ایران کی اسلامی جمہوریہ کی وزارت خارجہ، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت پر زور دیتے ہوئے، نسل‌کشی کو روکنے، قبضے کا خاتمہ کرنے اور صہیونی مجرموں کے مقدمے اور سزا کے لئے بین الاقوامی برادری کو ان کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری یاد دلاتی ہے۔

امریکہ فلسطینیوں کی نسل کُشی میں اسرائیل کے جرائم میں برابر کا شریک ہے، اسلامی جمہوریہ ایران

78 سال قبل ایسے ہی دن، تاریخی سرزمین فلسطین میں جعلی صہیونی وجود کے قیام کے اعلان کے ساتھ جدید دور کا سب سے زیادہ ہولناک انسانی اور اخلاقی المیہ وجود میں آیا، جس کے تباہ کن نتائج مغربی ایشیا کے علاقے اور پوری دنیا میں دیکھے جا رہے ہیں۔

یوم نکبت، فلسطین اور مغربی ایشیا کے علاقے کے خلاف انسانیت کے دشمنوں کی سازش کی یاد دلاتا ہے، جس کا براہ راست نتیجہ خطے کے مستقل عدم تحفظ اور قانون شکنی اور جرم کی صورت میں برآمد ہؤاہے۔

ان 8 دہائیوں کے دوران صہیونیوں نے بین الاقوامی قانون کی وحشیانہ ترین خلاف ورزیاں کی ہیں، اور قابضوں نے امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور بعض دیگر یورپی ممالک کی حمایت سے مقبوضہ فلسطین میں بین الاقوامی سطح پر بدترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

پچھلے 3 سالوں میں، "فلسطین کے استعماری انداز سے خاتمے" کا منصوبہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہؤا اور غاصب ریاست نے "امریکہ اور اپنے مغربی حامیوں کے عطا کردہ" مہلک ترین ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کی بہیمانہ نسل کُشی کی ہے۔

فلسطینیوں کے خلاف غاصب صہیونی ریاست کے جرائم، جنگی جرم، انسانیت کے خلاف جرم، اور نسل کُشی کے جرم، کا مصداق ہیں، اور اسی بنیاد پر بین الاقوامی عدالتیں صہیونی مجرموں پر مقدمے چلانے اور سزا دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ لیکن بین الاقوامی عدالتوں پر امریکہ کے غیر قانونی دباؤ نے نسل کُش ریاست کے سرغنوں کے خلاف انصاف کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالی ہوئی ہے؛ اور یوں امریکہ کی حکومتیں یکے بعد دیگرے، فلسطینیوں کی نسل کُشی میں اسرائیل کے جرم میں یقینی شریک اور یکسان طور پر ملوث ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران، احرارِ عالم کے ساتھ مل کر، فلسطینی عوام کے غاصب ریاست کے قبضے اور اپارتھائیڈ (اور نسلی امتیاز) کے خلاف مزاحمت کے بنیادی حق پر زور دیتے ہوئے، صہیونی ریاست کے جرائم کی شدید مذمت کرتا ہے اور غزہ اور مغربی کنارے کے عوام کی، ان کی سرزمین سے جبری بے دخلی سمیت، کسی بھی منصوبے کو قطعاً مسترد کرتی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، غصب اور قبضے اور جارحیت کے خلاف فلسطینی قوم کے جائز حقِ مزاحمت، فلسطینی مہاجرین (تارکین وطن) کی مادرِ وطن میں واپسی کے حق، اور ایک آزاد اور متحدہ فلسطینی ریاست ـ جس کا دارالحکومت قدس شریف ہوگا ـ کے قیام کی حمایت کے سلسلے میں اپنے اصولی اور مستقل موقف پر بھی زور دیتا ہے، اور اس کو یقین ہے کہ فلسطینی قوم کی مزاحمت کا امتداد اور عالمی ضمیر کی بیداری بالآخر فلسطین کی مکمل آزادی اور فلسطینی قوم کے تاریخی حقوق کے حصول پر منتج ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha