اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حضرت خاتم الانبیا(ص) فوجی ہیڈکواٹر کے ترجمان نے عالمِ اسلام اور بالخصوص فلسطین کے عوام کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کی موجودہ جدوجہد صرف اپنے دفاع تک محدود نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مسلم دنیا کے بھائیوں، اور فلسطین خصوصاً صبر و استقامت کی علامت غزہ کے عزیز عوام
آج ہم جمہوریہ اسلامی ایران کی جانب سے آپ سے ایک سچی اور دل سے نکلی ہوئی بات کرتے ہیں—ایسی بات جو وفاداری، محبت اور اخوت پر مبنی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امتِ مسلمہ اور فلسطینی قوم ہمیشہ سے ایرانی عوام کے ضمیر میں زندہ رہی ہے۔ انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے ابتدائی دنوں سے ہی فلسطین کا نام ایک ایسے پرچم کے طور پر قائم ہے جو حق کی علامت ہے اور کبھی سرنگوں نہیں ہوگا، چاہے حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران آج صرف اپنے دفاع یا اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کے لیے نہیں لڑ رہا، بلکہ مظلوم امتِ مسلمہ اور فلسطینی عوام کے دفاع کے لیے بھی میدان میں ہے۔
بیان میں فلسطین کو صرف ایک قوم کا مسئلہ قرار دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دراصل عزت، حق اور انصاف کا مسئلہ ہے، جو پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
پیغام میں فلسطینی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ خود کو اس جدوجہد میں تنہا نہ سمجھیں۔ ایران ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنے عہد پر قائم ہے۔
آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایران فلسطینی عوام کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑا رہے گا، یہاں تک کہ حق اپنے حقداروں تک پہنچ جائے اور فلسطین آزادی اور وقار کے ساتھ اپنے اصل باشندوں کو واپس مل جائے۔
آپ کا تبصرہ