27 فروری 2026 - 00:55
ایران کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں الجزیرہ کی رپورٹ

ایک اعلیٰ ایرانی اہلکار نے زور دے کر کہا کہ جنیوا مذاکرات میں تہران کی تجاویز بنیادی طور پر پابندیوں کے خاتمے اور امریکہ کے خدشات کو دور کرنے پر مرکوز ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || انھوں نے الجزیرہ سے گفتگو میں واضح کیا: ہماری تجویز ایک ایسے طریقہ کار پر مبنی ہے جس میں تکنیکی اور عملی راستے اور وہ اعداد و شمار شامل ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کے درپے نہیں ہیں۔

اس ذمہ دار اہلکار نے مزید کہا: جنیوا میں معاملے کے حل کے لئے ہماری تجویز میں ہمارے میزائل سسٹمز اور دفاعی پروگراموں کے بارے میں کوئی بھی موضوع شامل نہیں ہے اور ان کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہوگی۔

انھوں نے افزودگی کے مستقل خاتمے، ایٹمی تنصیبات کے خاتمے اور یورینیم کے ذخائر کو ملک سے باہر منتقل کرنے جیسے مسائل کو یکسر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد قرار دیا۔

الجزیرہ نے مزید کہا کہ اس ایرانی اہلکار نے یورینیم کی افزودگی کو ملکی سالمیت کے تحت قومی حق قرار دیا اور کہا: ہمارا منصوبہ ایک محدود مدت کے لئے عارضی طور پر افزودگی معطل کرنے کی تجویز پر مشتمل ہے۔

انھوں نے آخر میں کہا: ہماری تجویز میں بین الاقوامی ایجنسی کی نگرانی میں یورینیم کے ذخائر کی افزودگی کی سطح کم کرنا ہے اور ہمارا منصوبہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں مکمل شفافیت پر مرکوز ہے۔

یہ خبر الجزیرہ کی طرف سے اس وقت جاری کی گئی ہے جبکہ جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان، عمان کی ثالثی میں مذاکرات کا تیسرا دور چل رہا ہے اور ایرانی حکام نے اس دور کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha