اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ حزب اللہ اپنے عہد اور مزاحمت کے راستے پر ثابت قدم ہے اور یہ سفر ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات لبنانی خبررساں ویب سائٹ العہد کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
شیخ نعیم قاسم نے شہید رہنماؤں سید حسن نصراللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کو تجدیدِ بیعت اور مزاحمت کے راستے کی توثیق قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث تقریب کو کچھ عرصے کے لیے مؤخر کیا گیا تھا تاکہ حالات سازگار ہونے پر اسے دونوں رہنماؤں کے شایانِ شان طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو لبنان اور خطے کی تاریخ کا اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مزاحمت عوامی سطح پر گہری جڑیں رکھتی ہے اور لوگ اس راستے کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق نعرہ “إنا علی العهد” اس بات کی علامت ہے کہ مزاحمت مستقبل میں بھی اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گی۔
امریکہ اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی حمایت اور حکمت عملی کے تحت اقدامات کرتا ہے اور اس کی پالیسیاں واشنگٹن کے مفادات سے ہم آہنگ ہوتی ہیں۔ انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نعرے “امن طاقت کے ذریعے” کو دباؤ اور فوجی قوت کے استعمال کے ذریعے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
شیخ نعیم قاسم نے سید حسن نصراللہ کے ساتھ اپنے طویل رفاقتی تعلق کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ وہ 1987 سے ان کے ساتھ قریبی طور پر کام کرتے رہے جبکہ 1992 میں سید عباس موسوی کی شہادت کے بعد انہوں نے نائب سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری سنبھالی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک مدبر اور باصلاحیت قائد کو کھویا ہے، تاہم مزاحمت کا مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے سید ہاشم صفی الدین کو تنظیمی ڈھانچے میں مضبوط ستون قرار دیا اور شیخ راغب حرب کو اسرائیلی قبضے کے خلاف ابتدائی مزاحمت کے سرخیلوں میں شمار کیا۔ اسی طرح انہوں نے کمانڈر عماد مغنیہ کی عسکری حکمت عملی اور تنظیمی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
اپنے انٹرویو کے اختتام پر شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ موجودہ حالات اگرچہ مشکل ہیں لیکن عوامی حمایت اور نظریاتی وابستگی کے باعث مزاحمت کا راستہ واضح ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دفاع اور مزاحمت ان کا جائز حق ہے اور وہ اپنے عہد پر قائم رہیں گے۔
آپ کا تبصرہ