18 نومبر 2026 - 16:48
’تابکار مادے پھیلانے والا بم‘‘ ایران کے خلاف جنگ کا نیا امریکی پروپیگنڈا؟

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ دعویٰ کہ اگر ایران نے کیمیائی ہتھیار یا ’تابکار مادے پھیلانے والا بم‘‘ کے ذریعے امریکہ پر حملہ کیا تو اسے غیر معمولی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، واشنگٹن کی دھمکی آمیز پالیسی میں ایک نئے موڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ بیانیہ 2003ء میں عراق پر حملے سے پہلے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے الزامات کی یاد دلاتا ہے اور یہ سوال اٹھاتا ہے کہ کیا امریکہ ایران کے خلاف کسی بڑی فوجی کارروائی کا جواز پیدا کرنے کے لیے منظم نفسیاتی مہم چلا رہا ہے؟

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات میں ایران کی جانب سے امریکہ پر کیمیائی ہتھیاروں یا ’تابکار مادے پھیلانے والا بم‘‘ کے ممکنہ حملے کا ذکر محض ایک معمول کی فوجی دھمکی نہیں ہے۔ خصوصاً اس وقت جب ایسے دعوے عوامی سطح پر کسی قابل تصدیق ثبوت کے بغیر کیے جا رہے ہوں تو یہ تاریخ کے ایک خطرناک تجربے کی یاد دلاتے ہیں، جب کسی دوسرے ملک کو ایک مہلک خطرے کے طور پر پیش کرکے اس کے خلاف فوجی حملے کا جواز پیدا کیا گیا تھا۔ دنیا نے 2003ء میں عراق پر امریکی حملے کے دوران ایسا ہی منظر دیکھا تھا۔

ٹرمپ نے 17 نومبر 2026ء کو سی این این کی اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر ایران نے امریکی حکام کو نشانہ بنایا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ یہ رپورٹ ایران کی جانب سے امریکی حکام پر حملے کی منصوبہ بندی کے دعوے سے متعلق تھی۔

تاہم اس معاملے کا اہم پہلو یہ ہے کہ اسی دوران وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ امریکی سرزمین کے خلاف کسی معتبر خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی واشنگٹن کے خلاف کسی فوری خطرے کی موجودگی سے انکار کیا۔

یہ تضاد ایک اہم سوال پیدا کرتا ہے کہ جب کسی فوری خطرے کے بارے میں عوامی سطح پر کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا تو پھر اتنی سخت دھمکی آمیز زبان کیوں استعمال کی جا رہی ہے؟

اس سوال کا ممکنہ جواب عراق کے تجربے میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔ سابق امریکی صدر جارج بش کی حکومت نے عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے دعووں کو نمایاں کرکے 2003ء کے حملے کا جواز پیش کیا تھا، لیکن عراق پر قبضے کے بعد ہونے والی تحقیقات ان ہتھیاروں کے مبینہ ذخائر کی موجودگی کی تصدیق نہ کر سکیں۔

اس جنگ کے نتائج صرف ایک حکومت کے خاتمے تک محدود نہیں رہے بلکہ عراق کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی، بدامنی کے پھیلاؤ اور بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکتوں کی صورت میں سامنے آئے۔ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق، 2003ء سے 2017ء کے دوران عراق میں تشدد کے واقعات میں کم از کم ایک لاکھ 80 ہزار شہری مارے گئے۔ اس کے علاوہ متعدد معتبر شواہد اور قرائن بھی موجود ہیں جن کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ عراق پر حملے اور وہاں امریکی موجودگی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 10 لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

واشنگٹن کے تاریخی کردار میں ایک اور تضاد بھی نظر آتا ہے۔ ایران وہ ملک ہے جس پر 1980ء میں عراق نے فوجی جارحیت مسلط کی تھی اور اس کے پاس ایٹم بم یا ڈرٹی بم استعمال کرنے کی کوئی سابقہ تاریخ نہیں ہے۔ اس کے برعکس امریکہ دنیا کا واحد ملک ہے جس نے جنگ کے دوران ہیروشیما اور ناگاساکی پر دو ایٹمی بم گرائے تھے۔

امریکی فوج نے ویتنام کی جنگ میں بھی ایجنٹ اورنج سمیت دیگر کیمیائی مواد استعمال کیے، جن کے ذریعے جنگلات کے درختوں اور پودوں کو تباہ کیا گیا۔ امریکی محکمہ امورِ سابق فوجیوں نے بھی اس معاملے کو اپنے ریکارڈ میں درج کیا ہے۔

امریکہ کا یہ ریکارڈ صرف ماضی تک محدود نہیں۔ افغانستان اور عراق کی جنگوں میں امریکی فوج نے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں میں براہ راست حصہ لیا، جبکہ غزہ کی جنگ میں بھی صیہونی حکومت کو ہتھیار فراہم کرنے والے اہم ممالک میں امریکہ شامل رہا ہے۔

رائٹرز نے جون 2024ء میں رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ نے مقبوضہ فلسطین کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی 10 ہزار سے زیادہ بم فراہم کیے تھے۔

ایران میں میناب کے گرلز اسکول پر مہلک حملے اور لامرد کے اسپورٹس کمپلیکس پر حملہ بھی بین الاقوامی اداروں کی توجہ اور تحقیقات کا موضوع بنے۔ اس المناک سانحے کی منصوبہ بندی اور اس کے ذمہ داروں سے متعلق ایسے شواہد اور قرائن سامنے آئے جنہوں نے اس حملے کے دانستہ ہونے کے بارے میں سنگین سوالات پیدا کیے۔

نفسیاتی جنگ اور عوامی رائے کو متاثر کرنے کی کوشش

نفسیاتی جنگ کے نقطۂ نظر سے ٹرمپ کے بیانات کا سب سے بڑا خطرہ یہ ہے کہ ان کے ذریعے عوامی رائے میں ملزم اور متاثرہ فریق کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

جب ایران کو کسی عوامی ثبوت کے بغیر کیمیائی یا تابکاری پھیلانے والے ہتھیاروں کے خطرے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو اس سے اس کے خلاف مزید سخت فوجی اقدامات قبول کرنے کے لیے ذہنی فضا تیار ہو سکتی ہے۔

’’ڈرٹی بم‘‘، ’’مہلک خطرہ‘‘ اور ’’غیر معمولی جواب‘‘ جیسی اصطلاحات کو بار بار دہرانے سے عالمی برادری میں ایران پر ممکنہ حملے کے نتائج کے حوالے سے حساسیت کم ہو سکتی ہے۔ اس طرح جنگ کو جارحانہ اقدام کے بجائے کسی بڑے سانحے کو روکنے کے لیے ایک ناگزیر ردعمل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

اگرچہ ابھی یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی کہ ٹرمپ کے بیانات ایران کے خلاف کسی بڑے حملے کے طے شدہ منصوبے کا حصہ ہیں، تاہم ان الزامات اور عراق جنگ سے پہلے اختیار کیے گئے امریکی تشہیری طریقۂ کار میں مماثلت ایک سنجیدہ انتباہ ضرور ہے۔

اصل خطرہ یہ ہے کہ ایک ایسا الزام جسے ابھی تک ثابت نہیں کیا گیا، رفتہ رفتہ حقیقت کے طور پر پیش کیا جانے لگے اور عالمی رائے عامہ کو اس وقت اصل صورت حال کا احساس ہو جب جنگ شروع ہو چکی ہو اور ہزاروں شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ چکی ہوں۔

عراق کا تجربہ واضح سبق دیتا ہے کہ جنگ پہلے میزائل داغے جانے سے بھی پہلے ایک مخصوص بیانیہ تشکیل دے کر شروع کی جا سکتی ہے۔ عالمی برادری کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے الزامات کو ایک بار پھر آزاد اور قابل تصدیق شواہد کے بغیر جنگ کو وسعت دینے اور عام شہریوں کے قتل عام کا جواز بنایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha