اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بھی کہا ہے کہ پانچ فروری پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان مضبوط اور لازوال رشتے کی علامت ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار پر قائم ہے اور اہل پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے . آئی ایس پی آر نے عالمی برادری سے کشمیری عوام کی مبینہ مشکلات کو حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان کا موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حل کیا جائے جبکہ ہندوستان کشمیر کو اپنا اٹوٹ حصہ بتاتے ہوئے اس موقف کو مسترد کرتا ہے ۔
آپ کا تبصرہ