اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ صہیونی فوج نے مشرقی غزہ شہر کے محلہ الزیتون میں واقع دولہ چوک پر شہریوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ادھر اسرائیلی ڈرون نے محلہ الشجاعیہ میں واقع الزہراء اسکول کیمپ پر بھی حملہ کیا، جس میں کم از کم ایک فلسطینی زخمی ہوا۔ اسی دوران قابض افواج نے بیت لاہیا کی فضاؤں میں روشن گولے داغے اور مشرقی دیر البلح میں اپنی فوجی چوکیوں سے فائرنگ کر کے جنگ بندی کی مزید خلاف ورزیاں کیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 شہداء کے جسد خاکی اور 28 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 3 افراد حالیہ حملوں میں شہید ہوئے، جبکہ ایک زخمی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوا۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ اب بھی متعدد شہداء کی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، جن تک امدادی ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1,127 فلسطینی شہید اور 3,643 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری صہیونی جارحیت میں اب تک 73,250 فلسطینی شہید جبکہ 173,751 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ