14 دسمبر 2025 - 15:38
مآخذ: ابنا
ہم جنگ نہیں چاہتے، امریکہ قابلِ اعتماد نہیں:ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے الجزیرہ نیٹ ورک کی ایک دستاویزی گفتگو میں کہا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں بلکہ مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے الجزیرہ نیٹ ورک کی ایک دستاویزی گفتگو میں کہا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں بلکہ مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو کبھی ایک دیانت دار مذاکرات کار کے طور پر قابلِ اعتماد نہیں سمجھا گیا اور ان کے بقول دنیا میں کوئی بھی امریکہ پر اعتماد نہیں کر سکتا۔

 ہفتہ کی شب نشر ہونے والی اس گفتگو میں وزیر خارجہ نے بارہ روزہ جنگ کے حوالے سے کہا کہ ایران کو مسلسل یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ صہیونی حکومت دوبارہ حملہ کر سکتی ہے، تاہم اس وقت زیادہ تر نفسیاتی جنگ پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملک میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے۔

عراقچی نے واضح کیا کہ ایران جنگ کے امکان کو نظرانداز نہیں کر رہا اور ملک کی مسلح افواج اور عوام ہر صورت میں دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، لیکن اس کے باوجود ایران کی ترجیح جنگ نہیں بلکہ سفارتی حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بمباری کے ذریعے عمارتوں اور آلات کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے، لیکن ٹیکنالوجی، علم اور کسی قوم کے عزم کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق کئی سالوں تک ایران پر پابندیاں عائد کی گئیں، مگر ان سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا اور اس بات کا ثبوت ہے کہ واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ پوزیشن کا فیصلہ خود ایرانی عوام کرتے ہیں اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ ایرانی عوام اور اس نظام کا احترام کرے جسے انہوں نے خود منتخب کیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha