28 جنوری 2026 - 15:32
فیدان: ایران کے خلاف ممکنہ فوجی اقدام ایک سنگین غلطی ہوگی

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے الجزیرہ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں، جس کے بعض حصے کچھ دیر قبل نشر کیے گئے، امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی دھمکیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا دوبارہ آغاز ایک غلط فیصلہ ہوگا، جبکہ تہران جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے آمادگی رکھتا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے جمہوری اسلامی ایران کے خلاف امریکا کی کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا دوبارہ آغاز ایک بڑی غلطی ہے اور تہران و واشنگٹن کے درمیان اختلافات کا حل صرف سفارتکاری کے ذریعے ممکن ہے۔

انہوں نے الجزیرہ سے گفتگو میں، ایسے وقت میں جب امریکا مغربی ایشیا کے خطے میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر رہا ہے، علاقائی تعاون اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا۔ خلیج فارس میں امریکی فوجی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے فیدان نے کہا: “جنگ کا دوبارہ آغاز کرنا ایک غلطی ہے۔”

یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکا نے ایک طیارہ بردار بحری جنگی گروپ خطے میں تعینات کیا ہے اور جنگ پسند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر ایران کو فوجی کارروائی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

اس کے برعکس، جمہوری اسلامی ایران کے اعلیٰ حکام خبردار کر چکے ہیں کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب “ہمہ گیر اور پشیمان کن” ہوگا۔ تاہم، ترکیہ کے وزیر خارجہ نے زور دیا کہ سفارتی راستہ اب بھی موجود ہے اور کہا کہ ایران جوہری فائل کے حوالے سے دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

فیدان نے حالیہ کشیدگی کے آغاز میں صہیونی رژیم کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس رژیم کے ایران پر حملوں کے بعد امریکا نے ایران کے تین اہم جوہری مراکز کو نشانہ بنایا۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے میزائل اور جوہری معاملات سمیت مختلف مطالبات کو ایک ہی مرحلے میں جمع کرنا ناقابل قبول بلکہ توہین آمیز سمجھا جا سکتا ہے، جس سے مذاکراتی عمل ناکامی سے دوچار ہو سکتا ہے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ایران بارہا اس بات پر زور دے چکا ہے کہ اگرچہ وہ مسائل کے سفارتی حل کے لیے آمادہ ہے، تاہم اپنے روایتی دفاعی ہتھیاروں، بالخصوص میزائل پروگرام سے متعلق کسی بھی قسم کی بات چیت یا مذاکرات نہیں کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی انٹرویو کا مکمل متن جمعرات کے روز نشر کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha