17 دسمبر 2025 - 10:52
مآخذ: ابنا
عراقچی کا ایران کے قانونی جوہری حقوق کے دفاع کے عزم پر زور

 ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی دانشوروں اور ماہرین کے ایک اجلاس میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت ایران کے قانونی حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے ایرانی قوم کے پختہ عزم پر زور دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،  ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی دانشوروں اور ماہرین کے ایک اجلاس میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت ایران کے قانونی حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے ایرانی قوم کے پختہ عزم پر زور دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے حوالے سے ایرنا کی رپورٹ کے مطابق، عباس عراقچی جو ایران۔روس دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی پیش رفت پر مشاورت کے لیے ماسکو کے دورے پر ہیں، منگل کی سہ پہر روسی ماہرین اور دانشوروں کے ایک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس نشست میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بین الاقوامی امور سے متعلق مؤقف، بالخصوص عالمی امن اور سلامتی سے جڑے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔

وزیر خارجہ نے ایران کے جوہری معاملے سے متعلق پیش رفت اور گزشتہ دو دہائیوں میں ایران کے ذمہ دارانہ رویے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال امریکا کی مسلسل بدعہدیوں، یورپی ممالک کی جانب سے واشنگٹن کے غیرقانونی طرز عمل کی پیروی، خاص طور پر 2018 میں یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے امریکی انخلا اور جون 2025 میں ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا نتیجہ ہے۔

عراقچی نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں ایران اور روس کی اسٹریٹجک شراکت داری کو دونوں ممالک کے باہمی قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی ایک اہم عنصر قرار دیا اور دونوں ملکوں کی قیادت کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔

انہوں نے عالمی سطح پر جاری رجحانات اور بین الاقوامی تعلقات میں بڑھتی ہوئی جارحانہ یکطرفہ سوچ کی نشاندہی کرتے ہوئے امن پسند اقوام کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کا دفاع کریں اور طاقت کے بل پر مسلط کیے جانے والے نظام کے غلبے کو روکیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کو انتشار اور خطرے سے بھرپور قرار دیا اور اس کی بنیادی وجہ امریکا کی مکمل حمایت سے اسرائیلی رژیم کی استعماری بالادستی کو بتایا۔

عراقچی نے اسرائیلی رژیم کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، فلسطین میں نسل کشی اور جنگی جرائم پر یورپی ممالک کے مؤقف کو شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان، شام، یمن اور دیگر علاقائی ممالک کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر مسلسل عدم احتساب علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور روس جیسے آزاد اور ہم خیال ممالک کے درمیان اقوام متحدہ، برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون اور ہم آہنگی قانون شکنی کو معمول بننے سے روکنے اور کثیرالجہتی نظام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

ایرنا کے مطابق، عباس عراقچی منگل کے روز بیلاروس کے دورے کے اختتام پر ماسکو پہنچے جہاں انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور دیگر سیاسی، پارلیمانی شخصیات سے ملاقاتوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے روسی پارلیمان کے ایوان زیریں دوما اور ایوان بالا کونسل آف فیڈریشن کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیر خارجہ بدھ کے روز روس کی وزارت خارجہ کی یونیورسٹی ایم جی آئی ایم او میں اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کریں گے اور بعد ازاں سرگئی لاوروف سے ملاقات میں ایران کے جوہری پروگرام سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha