اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 9 دسمبر 2025 کو کرپشن، انسانی حقوق اور نسل کشی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین 1948 سے لہولہو ہے، مگر گزشتہ دو سال میں غزہ پر ظلم کی سیاہ رات جاری ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے آج تک وہاں جاری ظلم و جبر اور تشدد کی مثال انسانیت نے نہ دیکھی اور نہ سنی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کے ادارے بڑی ریاستوں اور جارح ممالک کے سامنے بے بس ہیں، جس کی وجہ سے فلسطین اور کشمیری مظلوم آج بھی اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ نام نہاد امن معاہدے بھی غزہ میں نئی قابض اسرائیلی حد بندی کے سامنے ناکام ثابت ہوئے ہیں، اور عالمی سامراج نے فلسطینی عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔
قائد ملت جعفریہ نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی کرپشن پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ دیمک کی طرح ہر سطح پر پھیل چکی ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا تازہ سروے واضح مثالیں ہیں کہ نہ صرف معیشت بلکہ نظام انصاف اور صوبائی حکومتوں سے لے کر اعلیٰ عہدوں تک کرپشن عام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عادلانہ نظام قائم نہ کیا گیا تو نقصان ناقابل تلافی ہو سکتا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق، نسل کشی اور انسانی وقار کے عالمی دن پر بھی اقوام متحدہ مظلوموں کو داد رسی فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ فلسطینی اور کشمیری عوام آج بھی یتیم اور بے یارو مددگار ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی ادارے اور مسلم حکمران فلسطینی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل کریں تاکہ غزہ اور دیگر مظلوم علاقوں میں انسانی بحران کا خاتمہ ممکن ہو۔
آپ کا تبصرہ