اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اہلِ بیتؑ ورلڈ اسمبلی کے عراق دفتر کی جانب سے 1300 سے زائد بچیوں کے لیے ایک عظیم اور باوقار تقریبِ تکلیف منعقد کی گئی۔ یہ روحانی تقریب حضرت فاطمہ زہراؑ اور امام خمینیؒ کی ولادت باسعادت کے موقع پر منعقد ہوئی، جس کا مقصد حجاب، عفت، حیا اور نماز کی ثقافت کو فروغ دینا تھا۔
اہلِ بیتؑ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ تقریب اتوار 14 دسمبر 2025 کو نجف اشرف کے معروف قصرالثقافہ کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف علاقوں سے آنے والی 1300 سے زائد نو عمر بچیوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد اہلِ بیتؑ ورلڈ اسمبلی کے نمائندے حجت الاسلام سید محمد رضا ایوب نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی روحانی برکات پر روشنی ڈالی اور امام خمینیؒ کو آپؑ کی ذاتِ اقدس کا ایک عظیم روحانی ثمر قرار دیا۔
بعد ازاں عراق میں رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؑ کے فضائل، معاشرے میں خواتین کے بلند مقام اور عصرِ حاضر میں ان کی اہم ذمہ داریوں پر تفصیل سے گفتگو کی۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کی ماؤں اور بچیوں کے اسکولوں کی کامیاب پرنسپلز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی اسناد اور تحائف پیش کیے گئے۔
یہ روحانی اور تربیتی تقریب شرکاء کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی اور بچیوں میں دینی شعور، اسلامی اقدار اور اخلاقی ذمہ داریوں کے احساس کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنی۔
آپ کا تبصرہ